
پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے افغان طالبان کی پاکستانی سرحدی علاقوں پر جارحیت کا بھرپور جواب دیا جارہا ہے۔ پاک فوج نے افغان طالبان رجیم کی متعدد فوجی پوسٹوں پر کنٹرول کرلیا ہے، تاہم جب افغان طالبان کا پرچم اتارا گیا تو پیشہ ورانہ رویے اور مذہبی اقدار کے مطابق احترام کے ساتھ اتارا گیا۔
پاکستان کی مسلح افواج نے جمعے کی شب افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی علاقوں میں بلا اشتعال جارحیت کا بھرپور جواب دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے جنوبی وزیرستان سے متصل افغان صوبے پکتیا میں افغان طالبان کی پانچ پوسٹس کو کنٹرول میں لے لیا ہے۔
اس دوران پاکستانی فورسز نے افغان طالبان کے جھنڈے کو ہٹاتے ہوئے پیشہ ورانہ مہارت اور مذہبی اقدار کا بھرپور خیال رکھا، جس پر پاک فوج کے پروفیشنل ازم کو سراہا جارہا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل پاکستانی پرچم لہرانے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے پاک فوج کے جوان نے افغان طالبان کے پرچم کو نہایت احترام کے ساتھ اتارا، اسے ساتھی کے حوالے کیا اور پھر پاکستانی پرچم لہرا دیا۔
واضح رہے کہ افغان طالبان کے پرچم پر کلمہ طیبہ درج ہوتا ہے۔ پاک فوج کے جوانوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور مذہبی اقدار کے مطابق کلمہ طیبہ کی حرمت کے پیشِ نظر ٹی ٹی اے کے جھنڈا کا احترام کیا۔
افغان طالبان کی جانب سے جمعے کی شب پاکستانی علاقوں میں دراندازی کا پاک افواج نے بھرپور جواب دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ’غضب لِلحق‘ کے تحت افغان طالبان رجیم کی متعدد عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا جاچکا ہے۔ جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان کے 133 جنگجو ہلاک جب کہ 200 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔