پاک فضائیہ کے افغانستان پر حملے شروع، ننگرہار میں بڑا ایمونیشن ڈیپو تباہ


پاک فضائیہ نے ننگرہار میں ایمونیشن ڈیپو کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا، جب کہ سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق متعدد افغان طالبان ہلاک اور مورچے تباہ کر دیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ نے افغانستان کے صوبے ننگرہار میں ایک بڑے ایمونیشن ڈیپو کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے، جب کہ مزید فضائی حملے جاری ہیں۔ یہ کارروائی افغان طالبان کی بلااشتعال جارحیت کے جواب میں کی گئی ہے۔
سرحدی محاذ پر بھی پاک فوج کی مؤثر کارروائی جاری ہے۔ نواپاس سیکٹر کے قریب دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں متعدد افغان طالبان ہلاک اور مورچے مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد پر کارروائی کے دوران افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کا کنٹرول حاصل کر لیا گیا اور بعض مقامات پر قومی پرچم بھی لہرا دیا گیا۔

فوجی جوانوں نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان پوسٹ فتح کر کے پاکستان کا پرچم لہرا دیا، اسی طرح ہم آئیں گے اور کابل کو بھی فتح کر لیں گے۔ پھر تمہیں پتا چلے گا کہ تم نے ہم سے کیسے پنگا لیا، سیکیورٹی فورسز بلا اشتعال جارحیت کے خلاف جواب دے رہی ہیں۔
واضح رہے کہ جمعرات کی رات پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال کارروائیوں کے خلاف پاکستان نے آپریشن غضب للحق شروع کردیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی سے افغان طالبان کے متعدد ٹھکانے تباہ ہوگئے اور خوارج بھاگ کھڑے ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے افغان فورسز کے خلاف مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے 58 افغان خارجی ہلاک کر دیے، جب کہ 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ کارروائی کے دوران 12 افغان پوسٹیں مکمل طور پر تباہ اور 5 پوسٹوں پر قبضہ کر لیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک بڑا ایمونیشن ڈپو، تین افغان بٹالینز اور ایک سیکٹر ہیڈکوارٹر بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 30 سے زائد ٹینکس، آرٹلری گنز اور اے پی سیز کو نشانہ بنایا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مزید جوابی حملے شدت کے ساتھ جاری ہیں اور مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دے رہی ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles