
افغان طالبان کی پاکستان-افغانستان سرحد پر بلااشتعال کارروائی کے جواب میں پاک فوج نے خیبر پختونخوا کے مختلف سیکٹرز میں جوابی کارروائی کی، جس میں افغان فورسز کو بھاری نقصان پہنچا اور متعدد چوکیاں و سازوسامان تباہ ہوئے۔
محکمہ اطلاعات و نشریات کے مطابق افغان طالبان کی پاکستان-افغانستان سرحد پر بلااشتعال کارروائی کے فوری جواب میں پاک فوج نے مؤثر کارروائی کی۔ خیبر پختونخوا کے مختلف سیکٹرز، بشمول چترال، خیبر، مہمند، کرم اور باجوڑ میں بھرپور جوابی حملے کیے گئے۔
سرحدی جوابی کارروائی کے دوران افغان فورسز کو بھاری نقصان پہنچا، متعدد چوکیاں اور سازوسامان تباہ ہوئے۔
وزارت اطلاعات نے واضح کیا کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے گا۔
وزارت کے مطابق سیکیورٹی فورسز الرٹ پر ہیں اور سرحدی علاقوں پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ بلااشتعال کارروائی کا منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی خطرے کا فوری جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔