بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی ناقص کارکردگی سے قومی خزانے کو بڑا جھٹکا

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی رپورٹ جاری کی ہے، جس کے مطابق مذکورہ کمپنیوں نے قومی خزانہ کو ایک سال میں 472 ارب روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔

بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی ناقص کارکردگی سے قومی خزانے کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ نیپرا کی جانب سے جاری بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی رپورٹ 25-2024 کے مطابق ایک سال میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے قومی خزانے کو 472 ارب کا نقصان پہنچایا، جو ترسیل، تقسیم اور  کم وصولیوں  کی مد میں ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی ترسیل اور تقسیم نقصانات کی مد میں ایک سال میں 265 ارب روپے کا خسارہ ریکارڈ جب کہ بلوں کی کم وصولی کے باعث مزید 207 ارب روپے کا نقصان ہوا، جس کی وجہ سے مجموعی طور پر 472 ارب روپے کا بوجھ قومی خزانے پر منتقل ہوا ہے۔ تقسیم کار کمپنیاں مقررہ ٹی اینڈ ڈی نقصانات کا ہدف حاصل نہ کر سکیں۔

نیپرا نے رپورٹ میں بتایا کہ ڈسکوز بجلی کے ترسیل اور تقسیم کے نقصانات کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہیں، ترسیل اور تقسیم کے نقصانات پاور سیکٹر کے لیے ایک مستقل چیلنج ہے۔

نیپرا نے بڑھتے لائن لاسز اور کم ریکوری پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے بجلی شعبے میں فوری اور مؤثر اصلاحات کی ضرورت پر زور اور بہتر کارکردگی کے لیے ڈسکوز کو سخت اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles