
کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس خیابانِ اتحاد میں فوڈ رائیڈر فرحان کی ہلاکت کا معاملہ صلح پر ختم ہوگیا ہے۔ پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور کو تفتیش کے بعد رِہا کر دیا ہے۔
تازہ ترین پیش رفت کے مطابق گزشتہ رات جاں بحق ہونے والے فوڈ ڈیلیوری رائیڈر فرحان کے ورثا نے کار سوار کے خلاف قانونی کارروائی نہ کرنے اور معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پیر کی رات ڈیفنس میں مبینہ طور پر نشے میں دُھت کار سوار نوجوان کی تیز رفتار گاڑی بے قابو ہوگئی تھی۔ کار پہلے فٹ پاتھ سے ٹکرائی اور پھر سڑک پر قلابازیاں کھاتے ہوئے سڑک کنارے کھڑے فوڈ ڈیلیوری رائیڈر سے ٹکرا گئی تھی، جس کے بعد فرحان نامی رائیڈر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تھا۔
پولیس کے مطابق حادثے کے بعد کار میں سوار نوجوان کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ورثا گزشتہ روز لاش کے ہمراہ ٹھٹھہ روانہ ہوگئے تھے جہاں جاں بحق رائیڈر کی تدفین کر دی گئی ہے۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف دعوے سامنے آئے تھے جس میں حادثے میں ملوث نوجوان کو کراچی میں تعینات اسسٹنٹ کمشنر حاظم بھنگوار کا بھتیجا بتایا جارہا تھا۔
تاہم حاظم بھنگوار نے ویڈیو پیغام میں اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کوئی بھتیجا نہیں ہے اور جس نوجوان کے ساتھ ان کا نام جوڑا جا رہا ہے اس سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔