
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والا اہم سپر ایٹ مرحلے کا مقابلہ آج سری لنکا کے پالیکیلے اسٹیڈیم میں شیڈول ہے جہاں موسم کی صورتحال سے متعلق اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
موسم کی صورتحال بتانے والی ویب سائٹ ایکیو ویدر کے مطابق دن کے وقت پالیکلے میں بارش کا امکان 25 فیصد ہے اور بادلوں کا احاطہ تقریباً 48 فیصد ہوگا۔ رات کے وقت بارش کے امکانات محض 2 فیصد تک گر جائیں گے جبکہ بادلوں کا احاطہ صرف 12 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر کینڈی میں شام 7 بجے موسم زیادہ تر صاف رہنے کی توقع ہے، درجۂ حرارت تقریباً 27 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ریئل فیل 28 ڈگری سینٹی گریڈ ہو گا۔
موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ میچ کے دوران موسم کا زیادہ اثر نہیں پڑے گا اور آسمان میچ شروع ہونے سے قبل صاف ہو جائے گا یعنی میچ کے دوران بارش کا امکان نہیں ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سپر ایٹ مرحلے کا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔
بارش کا سلسلہ پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کے اعلان کے فوراً بعد شروع ہوا اور ڈھائی گھنٹے سے زائد جاری رہنے کے بعد امپائرز نے میچ ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔
ٹورنامنٹ کے قوانین کے مطابق سپر ایٹ مرحلے کے بعد ہر گروپ کی ٹاپ 2 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی، جو 4 اور 5 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔