ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کا سب سے بڑا ہدف دے دیا

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں گروپ ون کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو جیت کے لیے 255 رنز کا پہاڑ جیسا بڑا ہدف دے دیا ہے۔

ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کے 44 ویں میچ میں زمبابوے کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز اسکور کیے۔

ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ

زمبابوے کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو پاور پلے میں ہی 54 کے اسکور پر دو وکٹوں سے ہاتھ دھونا پڑا، جس کے بعد ویسٹ انڈین بلے بازوں نے میدان میں چھکے چوکوں کی بارش کردی۔

زمبابوے کے بولرز رچرڈ نگاراوا، بلیسنگ موزارابانی اور بریڈ ایوانز نے کوشش کی مگر ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں کی رفتار کو رو نہ سکے۔ شمرون ہیٹ مائر اور روومن پاول نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 176 تک پہنچایا اور اس دوران دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسری وکٹ پر 122 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمرون ہیٹ مائر نے 34 گیندوں پر 85 رنز بنائے، جس میں سات چھکے اور سات چوکے شامل تھے جب کہ روومن پاول نے 35 گیندوں پر 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

شرفین ردرفورڈ 13 گیندوں پر 31 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور روماریو شیفرڈ نے 10 گیندوں پر 21 رنز اسکور کیے۔ جیسن ہولڈر نے 4 گیندوں پر 13 رنز اور برینڈن کنگ 12 گیندوں پر 9 رنز کے ساتھ آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان شائی ہوپ 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ اس کے علاوہ میچ میں اضافی 21 رنز بھی شامل ہوئے۔

آخری 5 اوورز میں ٹیم نے 75 رنز 3 وکٹوں کے نقصان پر بنائے، ویسٹ انڈیز کی اننگز میں کل 19 چھکے اور 16 چوکے لگائے گئے۔

زمبابوے کی جانب سے رچرڈ نگواروا اور بلیسنک مزرابانی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ گریم کریمر اور بریڈ ایونز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس کے علاوہ سکندر رضا نے تین اوورز میں 52 رنز دیے لیکن وکٹ حاصل نہیں کی۔

اس طرح ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 12.70 کی اوسط سے 6 وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز بنائے اور زمبابوے کو جیت کے لیے 255 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کے خلاف آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کا سب سے بڑا سکور بنایا ہے، یہ ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا ہدف ہے، سب سے بڑے ہدف کا ریکارڈ سری لنکا کے پاس 260 رنز کا ہے جو اس نے 2007 کے پہلے ٹی 20 ورلڈ کپ میں کینیا کے خلاف بنایا تھا۔

میچ کا ٹاس

اس سے قبل بھارتی شہر ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹی 20 ورلڈ کپ میں سپر ایٹ مرحلے کے چوتھے میچ میں زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

اسی گروپ کے گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے دی تھی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles