
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو جیت کے لیے 147 رنز کا ہدف دے دیا۔
پالی کیلے میں کھیلے جا رہے اس مقابلے میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز فل سالٹ اور جوز بٹلر نے کیا، تاہم ٹیم کو ابتدائی نقصان اٹھانا پڑا۔ 16 کے مجموعی اسکور پر جوز بٹلر 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
انگلینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ جیکب بیتھل 3، ٹوم بینٹن 6، کپتان ہیری بروک 14 اور سام کرن 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ مڈل آرڈر میں بھی ٹیم کو بڑی شراکت نہ مل سکی۔
اوپنر فل سالٹ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 62 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی اور ٹیم کو سنبھالا دیا۔ ان کے علاوہ ول جیکس نے 21 اور اوورٹن نے 10 رنز اسکور کیے، جبکہ لیام ڈاسن 6 رنز بنا سکے۔ سری لنکن بولرز نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو بڑے اسکور سے روک دیا۔
واضح رہے کہ سپر ایٹ مرحلے کا آغاز گزشتہ روز ہونا تھا، جہاں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بارش کے باعث شروع نہ ہو سکا۔ میچ منسوخ ہونے پر دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔
انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا 147 رنز کا ہدف سری لنکا کے لیے قابلِ رسائی تصور کیا جا رہا ہے، تاہم میچ کا نتیجہ سری لنکن بیٹنگ لائن کی کارکردگی پر منحصر ہوگا۔