ڈیرہ اسماعیل خان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، خاتون خودکش حملہ آور گرفتار


ڈیرہ اسماعیل خان میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر شیخ یوسف خیمہ بستی میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ایک جوان خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس، سوات ٹیم نے کی۔ ابتدائی تفتیش میں گرفتار خاتون نے اعتراف کیا کہ وہ کالعدم تنظیم سے وابستہ رہی اور خودکش حملے کے لیے رضامندی ظاہر کر چکی تھی، جس کے لیے مبینہ طور پر خودکش جیکٹ اور ہدف فراہم کیا جانا تھا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران خیمے سے ایک کمانڈو بیگ برآمد ہوا جس میں 30 بور پستول بمعہ کارتوس، دو موبائل فون، پاور بینک اور دیگر سامان شامل تھا۔ خاتون کو باضابطہ طور پر گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی ٹیم کی تعریف کی اور نقد انعام کا اعلان کیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار خاتون کا تعلق وزیرستان سے ہے اور وہ فتنہ الخوارج کے خارجی کمانڈر شاہ ولی عرف طارق کوچی کی دست راست ہے۔

ابتدائی اعترافی بیان میں خاتون نے بتایا کہ اس نے خارجی طارق کوچی سے تربیت حاصل کی تھی اور خودکش حملے کے لیے سامان و ہدف خارجی کمانڈر عاصم نے فراہم کرنا تھا۔ مزید تحقیقات کے دوران خاتون کے موبائل فونز سے کالعدم تحریک سے رابطے اور خودکش حملے کے لیے رضامندی کی تفصیلات بھی حاصل کی گئی ہیں۔
سی ٹی ڈی نے واضح کیا ہے کہ یہ کارروائی دہشت گردی کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنانے میں کامیاب رہی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے اس طرح کی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles