بنوں: فورسز کے قافلے پر حملہ، 5 دہشت گرد ہلاک، لیفٹیننٹ کرنل سمیت 2 جوان شہید


خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے اپنے قافلے پر ہونے والے حملے کو ناکام بناتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، تاہم اس دوران لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 21 فروری کو بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ کارروائی علاقے میں خودکش بمبار سمیت خوارج عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر کی جا رہی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک بارود سے بھری گاڑی پر سوار خودکش حملہ آور کو فورسز کے اگلے دستے نے بروقت روک کر اس کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کا مقصد بنوں شہر میں شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو نشانہ بنانا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانوں کا سراغ لگا کر شدید فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ دہشت گردوں نے بارودی مواد سے بھری گاڑی سیکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ نے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اپنی جرات مندانہ قیادت کے لیے معروف تھے اور وہ اگلے مورچوں سے دستوں کی قیادت کر رہے تھے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ دہشت گرد عناصر افغانستان کی سرزمین استعمال کر کے پاکستان میں کارروائیاں کر رہے ہیں اور ماہِ رمضان کے تقدس کو پامال کر رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ بہادر سپاہیوں کی قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور قوم کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
وزیراعظم نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کامیابیاں حاصل کی جا رہی ہیں اور پوری قوم اس جنگ میں افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید افسر اور جوان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور دہشت گردی کے خاتمے تک اقدامات جاری رہیں گے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles