ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ کے حوالے سے بڑی خبر آگئی

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ میں بارش کا امکان ہے۔

بھارتی ویب سائٹ نیوز 18 کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے کے دلچسپ مقابلوں کے بعد اب سپر ایٹ مرحلے کا کل سے آغاز ہونے جا رہا ہے۔ 21 فروری (ہفتے) کو کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں سپر ایٹ مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان حالیہ برسوں میں سخت مقابلے دیکھنے میں آئے ہیں تاہم ایک بار پھر شائقین کرکٹ اس مقابلے کو ایک سنسنی خیز میچ قرار دے رہے ہیں۔

جنوری 2022 سے اب تک دونوں ٹیمیں ٹی 20 انٹرنیشنلز میں 24 مرتبہ مدِ مقابل آ چکی ہیں، جن میں نیوزی لینڈ نے 13 جب کہ پاکستان نے 9 میچوں میں کامیابی حاصل کی تاہم ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل میں سڈنی میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی، جو گرین شرٹس کے لیے اہم یاد گار فتح رہی۔

رواں ایونٹ میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی میں تسلسل کا فقدان دیکھا گیا۔ نیوزی لینڈ اور پاکستان اپنے اپنے گروپس میں بالترتیب جنوبی افریقا اور بھارت سے شکست کے بعد دوسری پوزیشن پر رہے۔

نیوزی لینڈ کی قیادت مچل سینٹنر کر رہے ہیں اور ٹیم کو بولنگ میں بہتری کی ضرورت ہوگی، جہاں میٹ ہنری، جیکب ڈفی اور سینٹنر پر انحصار کیا جائے گا۔ دوسری جانب سلمان آغا کی قیادت میں پاکستان کو بیٹنگ مسائل حل کرنا ہوں گے جب کہ ان فارم اوپنر صاحبزادہ فرحان سے ایک بار پھر اچھے آغاز کی توقع ہے۔

ادھر سری لنکا میں جاری دیگر مقابلوں کی طرح اس میچ پر بھی بارش کا شدید خطرہ منڈلا رہا ہے۔ کولمبو میں کل بارش کا 74 فیصد امکان ہے، جہاں مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے کے قریب بارش کا قوی امکان ہے اور ابتدائی اوورز متاثر ہو سکتے ہیں جب کہ خراب موسم کی صورت میں میچ کے آغاز میں تاخیر بھی ہو سکتی ہے۔

کولمبو میں تیز ہوائیں چلنے کی بھی پیشگوئی ہے، جہاں درجہ حرارت 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے اور نمی کا تناسب 80 فیصد سے زائد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قوانین کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر 8 میچز کے لیے کوئی ریزرو ڈے مختص نہیں کیا گیا۔ اگر بارش کے باعث دونوں ٹیمیں کم از کم فی اننگز 5 اوورز بھی نہ کھیل سکیں تو میچ منسوخ  ہوگا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles