
پاکستان کرکٹ ٹیم مارچ میں 3 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی، پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز کے شیڈول کی تصدیق کر دی ہے جب کہ تمام میچز ڈھاکہ میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان مینز کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ مارچ میں بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی، دورے کے دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ اس بات کی تصدیق پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعے کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کی ہے۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق پاکستان ٹیم 9 مارچ کو بروز پیر کو بنگلہ دیش پہنچے گی۔ قومی ٹیم 10 مارچ بروز منگل کو پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی تاکہ پہلے میچ سے قبل تیاری مکمل کی جا سکے۔
سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ 11 مارچ، دوسرا 13 مارچ اور تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ 15 مارچ کو کھیلا جائے گا جب کہ سیریز کے تمام میچز شیرِ بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم ڈھاکا میں کھیلے جائیں گے، یہ جولائی 2025 کے بعد پاکستان کا بنگلہ دیش کا دوسرا دورہ ہوگا۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے جولائی 2025 میں تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے لیے بنگلہ دیش کا رخ کیا تھا، جس میں میزبان ٹیم نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی تھی۔
دوسری جانب بنگلہ دیش نے گزشتہ سال مئی اور جون میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جہاں تین ٹی 20 میچوں کی سیریز میں سلمان علی آغا کی قیادت میں پاکستان نے 3-0 سے کلین سوئپ کیا تھا۔
ماہرین کے مطابق آئندہ ون ڈے سیریز دونوں ٹیموں کے لیے اہمیت کی حامل ہے کیوں کہ یہ نہ صرف باہمی مقابلوں کا تسلسل ہے بلکہ مستقبل کی عالمی ون ڈے سرگرمیوں کی تیاری کے لیے بھی مفید ثابت ہو سکتی ہے۔ شائقین کرکٹ کو ایک بار پھر پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دلچسپ مقابلوں کی توقع ہے۔