
پشاور میں اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے متعلق گرفتار نجی تعمیراتی کمپنی کے مالک کو احتساب عدالت نے مزید آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر قومی احتساب بیورو (نیب) کے حوالے کردیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد ظفر خان نے کیس کی سماعت کے دوران یہ فیصلہ سنایا۔
ملزم فاضل خان کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر فہیم اور تفتیشی افسر بھی عدالت میں موجود تھے۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ایک نجی تعمیراتی کمپنی کا مالک ہے اور اس کے مختلف پانچ نجی بینکوں میں قائم اکاؤنٹس میں بھاری رقوم کی منتقلی سامنے آئی ہے۔
نیب کے مطابق ملزم کے بینک اکاؤنٹس میں مجموعی طور پر 5 ارب 27 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد کی ٹرانزیکشن ہوئی ہے۔
پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ دورانِ تفتیش ملزم کی جانب سے مزید انکشافات کیے گئے ہیں، جن کی روشنی میں تحقیقات کا دائرہ وسیع ہوگیا ہے۔ نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم سے مزید پوچھ گچھ ضروری ہے، اس لیے جسمانی ریمانڈ میں توسیع دی جائے۔
عدالت نے نیب کے دلائل سننے کے بعد ملزم کو مزید آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔ کیس کی مزید سماعت مقررہ تاریخ پر ہوگی۔