
پاکستان کے مایہ ناز بلے باز صاحبزادہ فرحان آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں اور وہ میگا ایونٹ کی تاریخ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔
کولمبو میں کھیلے جارہے ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے صاحبزادہ فرحان کی شاندار سنچری کی بدولت نمیبیا کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا۔
صاحبزادہ فرحان نے 58 گیندوں پر 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس سنچری کے ساتھ ہی صاحبزادہ فرحان ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے۔
صاحبزادہ فرحان نے رواں ایونٹ کی 4 اننگز میں اب تک سب سے زیادہ 219 رنز اسکور کیے ہیں، اس فہرست میں دوسرا نمبر جنوبی افریقا کے ایڈن مارکرم کا ہے جنہوں نے 4 میچز میں 178 رنز بنائے ہیں۔
دوسری جانب صاحبزادہ فرحان نے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں۔
یہ صاحبزادہ فرحان کی پہلی ٹی 20 انٹرنیشنل سنچری ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ احمد شہزاد کے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بھی بن گئے ہیں۔احمد شہزاد نے 2014 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلادیش کے خلاف سنچری اسکور کی تھی۔
واضح رہے کہ رواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بننے والی یہ تیسری سنچری ہے، اس سے قبل ٹی 20 ورلڈ کپ کے کسی بھی ایڈیشن میں دو سے زائد سنچریز نہیں بن سکیں۔
رواں ایونٹ میں سری لنکا کے پتھم نسانکا نے آسٹریلیا اور کینیڈا کے یووراج سامرہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری اسکور کی تھی۔