
رمضان المبارک کے دوران ملازمین اور عوام کی سہولت کے لیے وفاقی حکومت نے سرکاری دفاتر کے نئے اوقاتِ کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ہفتے میں چھ روز کام کرنے والے تمام سرکاری ادارے صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ جمعہ کے روز دفتری اوقات صبح 9 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک ہوں گے۔
اسی طرح ہفتے میں پانچ روز کام کرنے والے اداروں کے لیے بھی پیر سے جمعرات تک صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک اوقات مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ جمعہ کے دن ان دفاتر میں بھی صبح 9 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک کام ہوگا۔
دوسری جانب کوئٹہ میں بھی رمضان المبارک کے لیے دفتری اوقات کار کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ صوبائی اعلامیے کے مطابق بلوچستان میں سرکاری دفاتر پیر سے جمعرات اور ہفتہ کے روز صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ جمعہ کے روز دفاتر صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک کام کریں گے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ بعض دفاتر میں پیر تا جمعرات صبح 9 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک دفتری امور انجام دیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق یہ تمام شیڈول صرف رمضان المبارک کے لیے ہے، جبکہ مقدس مہینے کے اختتام کے بعد سرکاری دفاتر میں سابقہ اوقاتِ کار بحال کر دیے جائیں گے۔ نوٹیفکیشن کے تحت تمام وفاقی اور صوبائی محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ ٹائمنگ پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ عوامی خدمات کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے۔