
سعودی عرب سمیت کئی خلیجی ممالک میں آج رمضان المبارک کا پہلا روزہ رکھا جا رہا ہے۔ سعودی شاہی دیوان نے گزشتہ روز 1447 ہجری کے رمضان المبارک کے چاند کی رویت کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔ سعودی عرب کی سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر چاند نظر آنے کی تصدیق کی گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات میں بھی صدارتی عدالت نے رویت ہلال کمیٹی کی تصدیق کے بعد پہلے روزے کا اعلان کیا۔ قطر میں بھی آج پہلا روزہ رکھا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے آغاز کی دلی مبارکباد پیش کی اور امتِ مسلمہ کے لیے امن، سلامتی اور سکون کی دعائیں کیں۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیرِاعظم نے مشرقِ وسطیٰ اور دنیا کے دیگر خطوں میں امن اور مفاہمت کے فروغ کے لیے شیخ تمیم بن حمد الثانی کی سرپرستی میں قطر کی سفارتی کاوشوں کو سراہا۔
جن ممالک میں آج پہلا روزہ ہے وہاں سرکاری اور نجی اداروں کے اوقات کار میں بھی رمضان المبارک کے مطابق تبدیلی کی گئی ہے تاکہ روزہ داروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
امریکا، فرانس اور جاپان سمیت کئی دیگر ممالک میں مقامی مسلم کمیونٹیز نے بھی آج سے روزے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ان ممالک میں چاند کی رویت یا سعودی عرب کے اعلان کی پیروی کرتے ہوئے رمضان کا آغاز کیا گیا۔
دوسری جانب ملائیشیا، سنگاپور، عراق اور برونائی میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے باعث وہاں پہلا روزہ 19 فروری کو ہوگا۔ اسی طرح انڈونیشیا، ترکیہ، آسٹریلیا اور عمان میں بھی چاند نظر نہ آنے کی تصدیق کی گئی ہے اور ان ممالک میں رمضان المبارک جمعرات 19 فروری سے شروع ہوگا۔
آذربائیجان، قازقستان، کرغیزستان اور ازبکستان کی حکومتوں نے بھی اعلان کیا ہے کہ چاند نظر نہ آنے کی وجہ سے وہاں پہلا روزہ جمعرات کو رکھا جائے گا۔ برونائی اور فلپائن میں بھی یہی صورتحال ہے۔ بھارت، بنگلادیش اور ایران میں چاند کی رویت سے متعلق اعلان متوقع ہے۔
پاکستان میں پہلا روزہ جمعرات کو یعنی کل ہونے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات اور سپارکو نے آج چاند کی رویت سے متعلق پیش گوئی کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چاند کی پیدائش منگل کی شام پانچ بج کر ایک منٹ پر ہوچکی ہے۔ آج غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً پچیس گھنٹے اور اڑتالیس منٹ ہوگی، ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ مہتاب کے درمیان تقریباً انسٹھ منٹ کا وقت ہوگا، جس کے بعد چاند آنکھ سے نظرآنے کا امکان ہے۔
تاہم حتمی اعلان رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کرے گی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج پشاور میں چیئرمین مولانا محمد عبدالخبیر آزاد کی زیرصدارت ہوگا۔ زونل اور ضلعی ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے متعلقہ مقامات پر ہوں گے۔
اس طرح دنیا بھر میں مختلف ممالک میں چاند کی رویت کے مطابق رمضان المبارک کا آغاز مختلف دنوں میں ہو رہا ہے، جبکہ مسلمان عبادات، روزوں اور خصوصی انتظامات کے ساتھ اس بابرکت مہینے کا استقبال کر رہے ہیں۔