
لاہور میں فاطمہ جناح میڈیکل کالج کی ایک طالبہ نے مبینہ طور پر کالج کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی۔ طالبہ کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق 22 سالہ فریحہ میڈیکل کالج کے فائنل ایئر کی طالبہ اور ہاسٹل میں رہائش پذیر تھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق طالبہ نے مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کی، تاہم واقعے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں اور تحقیقات جاری ہیں۔
طالبہ کو گنگا رام اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے۔ ایم ایس ڈاکٹر افتخار عارف کے مطابق طالبہ کے سر پر شدید چوٹ آئی ہے، دماغ متاثر ہوا ہے اور وہ اس وقت کومے میں ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ طالبہ کی حالت تشویش ناک ہے۔
وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں، جب کہ انتظامیہ اور پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہیں۔