ٹی 20 ورلڈ کپ: نمیبیا کے خلاف میچ، پاکستان ٹیم کے لیے اچھی خبر آگئی

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان اور نمیبیا کے درمیان کھیلے جانے والے اہم میچ میں بارش کا امکان ہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں گروپ اے میں پاکستان کرکٹ ٹیم بدھ کو اپنا آخری گروپ میچ نمیبیا کے خلاف کھیلے گی جو سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کے لیے انتہائی اہم ہے۔

15 فروری کو بھارت کے خلاف 61 رنز کی بدترین شکست کے بعد پاکستان کے لیے یہ مقابلہ فیصلہ کن بن گیا ہے اور قومی ٹیم کو اگلے مرحلے میں جگہ یقینی بنانے کے لیے نمیبیا کے خلاف کامیابی درکار ہے۔

رپورٹس کے مطابق میچ کے میزبان شہر کولمبو میں بارش کا واضح امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے میچ متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

موسمی پیشگوئی کے مطابق کولمبو میں میچ کے روز 50 سے 60 فیصد بارش کا امکان ہے اور موسم ابر آلود رہنے کی پیش گوئی ہے جب کہ 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو پاکستان اس وقت تین میچز میں دو فتوحات اور ایک شکست کے ساتھ گروپ اے میں تیسرے نمبر پر موجود ہے جب کہ اس کا نیٹ رن ریٹ منفی 0.403 ہے جو امریکا سے بھی کم ہے تاہم اگر بارش کے باعث میچ منسوخ ہو جاتا ہے تو دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ ملے گا اور پاکستان 5 پوائنٹس کے ساتھ سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنا لے گا۔

البتہ پاکستان کی نمیبیا کے ہاتھوں شکست کی صورت میں امریکا چار پوائنٹس اور بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر اگلے مرحلے میں پہنچ سکتا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles