
ٹی20 ورلڈ کپ کے ایک اہم میچ میں جہاں پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں میدان میں مدمقابل تھیں، وہیں اسٹیڈیم کے اندر پیش آنے والا ایک مختلف منظر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا۔
وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم اور انڈیا کے کپتان روہت شرما کو نہ صرف مصافحہ کرتے بلکہ گلے ملتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ واقعہ سری لنکا کے پریما داسا سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا۔ اس میچ میں ایک طرف دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ٹاس اور میچ کے اختتام پر روایتی انداز میں ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا، وہیں دوسری طرف وسیم اکرم اور روہت شرما کی ملاقات نے کھیل اور سیاست کے تعلق پر نئی بحث چھیڑ دی۔
یاد رہے کہ حالیہ عرصے میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان سیاسی کشیدگی کے اثرات کھیلوں پر بھی نظر آ رہے ہیں۔ گزشتہ سال دونوں ممالک کے درمیان محدود نوعیت کی فوجی کشیدگی کے بعد سے کرکٹ میچوں میں کھلاڑیوں کے درمیان روایتی مصافحہ ’نہ کرنے کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔ اسی تناظر میں اس میچ میں بھی کھلاڑیوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم اور بھارتی کپتان روہت شرما کی ملاقات خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے اور صارفین اس پر مختلف انداز میں ردعمل دے رہے ہیں۔ ایک صارف نبراز رمضان نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ’لیجنڈز گلے ملتے ہیں جبکہ بچے ہاتھ نہیں ملاتے۔‘
روشن رائے اپنی رائے کا اظہار یوں کیا کہ ایکس پر لکھا کہ ’سوریا کمار یادیو نے ٹاس کے موقع پر سلمان علی آغا سے ہاتھ نہہں ملایا، اور میچ کے اختتام پر بھی انڈین کھلاڑیوں نے پاکستانی کرکٹرز سے ہاتھ نہیں ملایا۔ لیکن روہت شرما اور وسیم اکرم کو گلے ملتے ہوئے دیکھا گیا۔ مجھے امید ہے کہ اس بات پرلوگ نہ ہی روہت شرما کو گالیاں دیں گے اور نہ ہی شرمندہ کریں گے۔
کچھ تبصرہ نگاروں نے اس عمل کو کھیل اور سیاست کو الگ رکھنے کی مثبت مثال قرار دیا، جبکہ کچھ نے اسے متضاد رویہ بھی کہا۔ بعض صارفین نے یہ بھی لکھا کہ کھیل کا مقصد لوگوں کو قریب لانا ہوتا ہے اور ایسے واقعات اس بات کی یاد دہانی کراتے ہیں۔
میچ کے نتیجے کی بات کی جائے تو انڈیا نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پاکستان کو 61 رنز سے شکست دی۔ تاہم میچ کے نتیجے کے ساتھ ساتھ وسیم اکرم اور روہت شرما کی ملاقات بھی شائقین کے درمیان ایک اہم موضوع بنی رہی اور اس پر بحث کا سلسلہ جاری ہے۔