
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف 61 رنز کی شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کی بدترین کارکردگی پر سابق کرکٹرز اور شائقین شدید ناراض ہیں۔ خاص طور پر سینئر کھلاڑیوں شاہین آفریدی، بابراعظم اور شاداب خان کی کارکردگی پر کافی تنقید کی جا رہی ہے، جنہیں ٹیم میں تبدیلیوں کی ضرورت قرار دی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے کہا کہ شاہین، بابر اور شاداب کا وقت ختم ہو چکا ہے اور ٹیم میں نئے چہروں کو موقع دینا ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف کمزور ٹیموں کے خلاف کامیابیاں کافی نہیں، بھارتی ٹیم کے خلاف بہتر کارکردگی لازمی ہے۔
سابق آل راؤنڈر اور کپتان شاہد آفریدی بھی ناراض نظر آئے اور کہا کہ اگر ان کے ہاتھ میں اختیار ہوتا تو شاہین، بابر اور شاداب کو ٹیم سے باہر کر دیتے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایسے سینئر کھلاڑی ٹیم کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا رہے۔
سابق چیف سلیکٹر رمیز راجا نے بھی بیٹرز کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا اور بھارت کے خلاف پاکستان نے بے تکی کرکٹ کھیلی۔
دیگر سابق کھلاڑیوں نے بھی ٹیم میں فوری تبدیلیوں اور نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ قومی ٹیم کو مضبوط اور مقابلہ جاتی بنایا جا سکے۔
یہ شکست تین سال میں بھارت کے خلاف مسلسل آٹھویں بار ہوئی ہے، جس نے قومی ٹیم کے بحران اور سینئر کھلاڑیوں کی ناکامی کو مزید واضح کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد میگا ایونٹ کے سپر 8 مرحلے میں پہنچنے کے لیے پاکستان کو نمیبیا کے خلاف اپنا آخری گروپ میچ جیتنا لازمی ہوگا۔