پاکستان کے خلاف کھلاڑیوں کی سلیکشن بھارتی کپتان اور کوچ کے لیے سردرد بن گئی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں اتوار کو کولمبو میں ہونے والے پاک بھارت مقابلے سے قبل بھارتی ٹیم کی ممکنہ پلیئنگ الیون پر بحث جاری ہے۔ کپتان سوریا کمار یادو اور ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کو اہم میچ سے پہلے اسپن بولنگ کے شعبے میں کلدیپ یادو کی شمولیت سمیت کئی حوالوں سے چند سخت فیصلوں کا سامنا ہے۔

بھارت نے اب تک گروپ مرحلے کے اپنے دونوں میچ جیت رکھے ہیں اور پاکستان بھی دو کامیابیوں کے ساتھ برابر کھڑا ہے۔ اس میچ کی فاتح ٹیم کے گروپ اے میں سرفہرست رہنے کے امکانات روشن ہوں گے، اسی لیے ٹیم کمبی نیشن کو حتمی شکل دینا انتظامیہ کے لیے اہم بن گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، ٹیم کے لیے ایک مثبت خبر یہ ہے کہ اوپنر ابھیشیک شرما بیماری کے باعث نمیبیا کے خلاف میچ نہیں کھیل سکے تھے، تاہم اب وہ فٹ ہو کر واپس آ رہے ہیں۔ ان کی واپسی کے بعد سنجو سیمسن کو ممکنہ طور پر ٹیم سے باہر بیٹھنا پڑ سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ابھیشیک شرما بائیں ہاتھ کے بیٹر کی حیثیت سے ایشان کشن کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے۔ ایشان کشن اس وقت عمدہ فارم میں ہیں اور پاکستان کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم دکھائی دیتے ہیں۔

بیٹنگ آرڈر میں تلک ورما بدستور نمبر تین پر کھیلیں گے جبکہ کپتان سوریا کمار یادو نمبر چار پر بیٹنگ کریں گے۔

ٹورنامنٹ کے دوران بھارتی ٹیم کو چند مواقع پر مڈل آرڈر میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس لیے پاکستان کے خلاف اس شعبے کی کارکردگی اہم ہوگی۔

ہاردک پانڈیا اور شیوم دوبے نہ صرف جارحانہ بیٹنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ تیز گیند بازی میں بھی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ رنکو سنگھ کو فنشر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو آخری اوورز میں تیزی سے رنز بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اسپن بولنگ میں اکشر پٹیل ایک اہم آپشن ہوں گے جبکہ ورون چکرورتی بطور اسپیشلسٹ اسپنر میدان میں اتر سکتے ہیں۔

کلدیپ یادو بھی انتخاب کے لیے دستیاب ہیں، تاہم موجودہ ٹیم کمبی نیشن کو دیکھتے ہوئے امکان کم ہے کہ بھارت کسی بڑی تبدیلی کا خطرہ مول لے۔

فاسٹ بولنگ کے شعبے میں جسپریت بمراہ اور ارشدیپ سنگھ مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ دونوں گیند باز پاور پلے اور ڈیتھ اوورز میں ٹیم کے لیے اہم ہتھیار سمجھے جاتے ہیں۔

بھارت کی متوقع پلیئنگ الیون میں ابھیشیک شرما، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، تلک ورما، سوریا کمار یادو (کپتان)، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، رنکو سنگھ، اکشر پٹیل، ورون چکرورتی، جسپریت بمراہ اور ارشدیپ سنگھ شامل ہو سکتے ہیں۔

کولمبو میں ہونے والا یہ میچ نہ صرف گروپ کی پوزیشن کے لیے اہم ہے بلکہ روایتی حریفوں کے درمیان ہونے کی وجہ سے عالمی سطح پر بھی خاص توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

شائقین کرکٹ کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ بھارتی ٹیم کس حتمی کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترتی ہے اور اہم مقابلے میں کس حکمت عملی کو اپنایا جاتا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles