
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے اہم میچ سے قبل سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی لاہور سے سری لنکا روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ کولمبو میں ہونے والا پاک بھارت مقابلہ اسٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھیں گے۔ روانگی سے قبل محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ایک ملاقات بھی کی ہے۔
ذرائع کے مطابق وہ میچ سے قبل قومی اسکواڈ سے ملاقات کریں گے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ مختلف کرکٹ بورڈز کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
امکان ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین جے شاہ ایک ساتھ پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے دیگر عہدیداران اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے آفیشلز بھی اس اہم میچ کے موقع پر کولمبو میں موجود ہوں گے۔ یوں پی سی بی اور بھارتی بورڈ کے نمائندے ایک ہی مقام پر جمع ہوں گے۔
سری لنکا کرکٹ کی جانب سےمختلف بورڈز کے عہدیداروں کو مدعو کیا گیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر بھی اس موقع پر شریک ہوں گے۔
آئی سی سی نے ایشیا کے پانچ بڑے کرکٹ کھیلنے والے ممالک پاکستان، بھارت، بنگلادیش، افغانستان اور سری لنکا کے سربراہان کو مدعو کیا ہے تاکہ باہمی مکالمے کے ذریعے حالیہ کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ یہ ملاقات کولمبو میں پاک بھارت میچ کے موقع پر سائیڈ لائنز پر ہوگی۔
ان کے مطابق اس اجلاس کا مقصد تینوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانا ہے جو ورلڈ کپ سے قبل بعض معاملات پر کشیدہ ہو گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی چاہتا ہے کہ یہ نمائندے ایک ساتھ بیٹھیں، میچ دیکھیں اور مثبت بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل نکالیں۔
ادھر میدان میں دونوں ٹیمیں بھی بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔ پاکستان اور بھارت اپنے ابتدائی دونوں میچ جیت چکے ہیں جس کے باعث اس مقابلے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم مینجمنٹ دو ممکنہ تبدیلیوں پر غور کر رہی ہے تاکہ بیٹنگ لائن کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ فخر زمان اور نوجوان بلے باز خواجہ نافع کو پلیئنگ الیون میں شامل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اگر تبدیلی ہوتی ہے تو کسی موجودہ کھلاڑی کو جگہ خالی کرنا ہوگی۔
متوقع پاکستانی ٹیم میں صائم ایوب، بابر اعظم، سلمان مرزا، سلمان علی آغا بطور کپتان، شاداب خان، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان بطور وکٹ کیپر، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔
دوسری جانب متوقع بھارتی ٹیم میں ایشان کشن، سنجو سیمسن یا ابھیشیک شرما، سوریہ کمار یادو بطور کپتان، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، رنکو سنگھ، اکشر پٹیل، شیوم دوبے، ورن چکراورتی، کلدیپ یادو اور جسپریت بمرا شامل ہو سکتے ہیں۔
کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ پاک بھارت میچ کا دباؤ عام میچوں سے کہیں زیادہ ہوتا ہے کیونکہ اسے پوری دنیا میں دیکھا جاتا ہے۔
ان کے مطابق اس طرح کے مقابلے میں اچھی کارکردگی کسی بھی کھلاڑی کو فوری طور پر نمایاں بنا سکتی ہے۔
کولمبو میں یہ بڑا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔
تاہم موسم کی پیش گوئی میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جس سے میچ متاثر ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔