
کراچی سپرہائی وے ڈی ایچ اے سٹی کے قریب پر مسافر بس، آئل ٹینکر اور متعدد گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں خاتون اور بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
جمعے کو کراچی سے 60 کلومیٹر دور کاٹھور کے قریب ایم نائن موٹروے پر ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں مسافر بس، آئل ٹینکر اور متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں تاہم حادثے میں 11 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں خاتون اور بچے بھی شامل ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر آئل ٹینکر ویگو ڈالے پر الٹ گیا، اس کے علاوہ پیچھے سے آنے والی گاڑیاں بھی حادثے کا شکار ہوگئیں، جن میں دو ٹریلر، دو بسیں اور ایک ٹینکر شامل ہیں۔ حادثے کے نتیجے میں کئی افراد پل سے نیچے جاگرے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
گاڑیوں میں پھنسے متعدد افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے اور جاں بحق و زخمی افراد کو بقائی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایم نائن موٹروے پر آئل ٹینکر اور مسافر بس کے درمیان حادثے کے بعد آئی جی سندھ پولیس نے متعلقہ پولیس حکام کو فوری طور پر جائے حادثہ پہنچنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
آئی جی سندھ کی جانب سے جائے حادثہ اور اطراف کے علاقے کو فوری طور پر محفوظ بنانے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ حادثے کے بعد آئل ٹینکر سے تیل کے اخراج اور ممکنہ خدشات کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
حکام نے ریسکیو اور ایمبولینس عملے کی بروقت رسائی یقینی بنانے کے لیے راستہ کلیئر رکھنے کی ہدایت کی ہے جب کہ ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں، حفاظتی و احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کے لیے متعلقہ ادارے موقع پر موجود ہیں اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
ادھر سپر ہائی وے پر پیش آنے والے ٹریفک حادثے پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ حادثے کے زخمیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
ڈپٹی میئر کراچی کی ہدایت پر عباسی شہید اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے اسپتال کے عملے کو ہدایت دی کہ زخمیوں کے علاج میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
سلمان عبد اللہ مراد نے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
ڈپٹی میئر نے مزید کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔