
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی صحت اور اڈیالہ جیل میں سہولیات سے متعلق رپورٹ منظرِ عام پر آگئی ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عمران خان کی دائیں آنکھ کی بینائی صرف 15 فیصد باقی رہ گئی ہے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور جیل میں فراہم کی گئی سہولیات سے متعلق ’فرینڈ آف کورٹ‘ بیرسٹر سلمان صفدر کی رپورٹ سامنے آگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان نے بتایا ہے کہ ان کی دونوں دونوں آنکھوں کی بینائی اکتوبر 2025 تک بالکل ٹھیک تھی جس کے بعد انہیں دھندلاہٹ کی شکایت ہونے لگی۔ انہوں نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو اس سے آگاہ کیا تاہم اس معاملے پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پمز اسپتال میں عمران خان کا طبی معائنہ کرایا گیا جس میں ان کی آنکھ میں ’بلڈ کلاٹ‘ کی تشخیص ہوئی اور علاج کے بعد دائیں آنکھ کی بینائی صرف 15 فیصد رہ گئی ہے۔