ٹی 20 ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز کی اونچی اڑان، انگلینڈ کو 30 رنز سے شکست دے دی

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے 15 ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو 30 رنز سے شکست دے کر میگا ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح اپنے نام کرلی ہے۔

بدھ کو ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میں گروپ سی کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز اسکور کیے اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 197 رنز کا ہدف دیا۔

ویسٹ انڈیز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ ہوسکا اور ابتدائی 2 وکٹیں صرف 8 رنز پر گر گئیں۔ شائی ہوپ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ برینڈن کنگ صرف ایک رن بناسکے، اس کے بعد شمرون ہیٹمائر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 12 گیندوں پر 23 رنز بنائے۔

روسٹن چیز نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 29 گیندوں پر 34 رنز اسکور کیے، جس میں 6 چوکے شامل تھے۔ میچ کے اصل ہیرو شیرفین ردرفورڈ رہے جنہوں نے 42 گیندوں پر ناقابلِ شکست 76 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 2 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔

اس کے علاوہ جیسن ہولڈر نے بھی 17 گیندوں پر 33 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جب کہ روومین پاول نے 14 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید اور جیمی اوورٹن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ سیم کرن اور جوفرا آرچر نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ویسٹ انڈیز کے 197 ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی بیٹنگ لائن  لڑکھڑا گئی۔ فل سالٹ نے 30 اور جوز بٹلر نے 21 رنز بنائے جب کہ جیکب بیتھل نے 33 رنز کی اننگز کھیلی مگر دیگر بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔

سیم کرن نے آخر تک مزاحمت کی اور 30 گیندوں پر ناقابلِ شکست 43 رنز بنائے لیکن وہ ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔

اس طرح پوری انگلش ٹیم 19 اوورز میں 166 رنز پر آؤٹ ہوگئی جب کہ ویسٹ انڈیز نے میچ 30 رنز سے جیت کر ایونٹ میں مسلسل دوسری جیت اپنے نام کرلی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے گڈاکیش موتی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ روسٹن چیز نے 2 اور عقیل حسین، روماریو شیفرڈ اور شمر جوزف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles