ٹی 20 ورلڈکپ: پاکستان کا بھارت کے خلاف شیڈول میچ کھیلنے کا فیصلہ

شائقینِ کرکٹ اب 15 فروری کو دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا دیکھ سکیں گے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف شیڈول میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی مِنتوں کے بعد سری لنکن صدر اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان سے بھارت کے خلاف شیڈول میچ کھیلنے کی درخواست کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے پاکستان کی تمام شرائط قبول کرلی ہیں، جس کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول میچ کھیلے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھی پاکستان سے بھارت کے خلاف میچ کھیلنےکی درخواست کردی ہے۔ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں پی سی بی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پی سی بی نے اس معاملے میں ہمارا بھرپور ساتھ دیا۔

بی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں درخواست کی گئی ہے کہ کرکٹ کے ایکو سسٹم کی بہتری کے لیے پاکستان کو بھارت کے خلاف 15 فروری کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا شیڈول میچ کھیلنا چاہئیے۔

اس سے قبل سری لنکا کے صدر انورا کمارا دسانائیکے نے بھی وزیرِاعظم شہباز شریف سے رابطہ کیا تھا اور پاکستان کو سری لنکا میں منعقدہ پاک بھارت میچ کھیلنے کی درخواست کی تھی۔

سری لنکن صدر نے مؤقف اپنایا کہ پاکستان نے ہمیشہ سری لنکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو ہر چیز پر فوقیت دی۔ پاکستان نے دہشت گردی سے نمٹنے میں بھی سری لنکا کی بھرپور مدد کی۔ یہاں تک کہ ملک میں دہشت گردی کے باوجود پاکستانی ٹیم نے سری لنکا میں کرکٹ کھیلی۔

وزیرِاعظم شہبازشریف نے سری لنکن صدر کے جذبات کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا نے بھی مشکل ادوار میں پاکستان بھرپور ساتھ دیا۔ حال ہی میں سری لنکن ٹیم پاکستان کے دورے پر آئی اور ناخوشگوار واقعے کے باوجود دورہ منسوخ نہیں کیا گیا۔

وزیرِاعظم نے سری لنکن صدر کو آگاہ کیا کہ پاک بھارت میچ سے متعلق مشاورت جاری ہے، جیسے ہی کوئی حتمی فیصلہ ہوجائے گا تو انہیں آگاہ کردیا جائے گا۔

قبلِ ازیں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے لاہور میں تقریب کے دوران اس فیصلے سے متعلق عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ آئی سی سی اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے درمیان بات چیت جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ مہمان کی عزت کرنا سیکھا ہے اور جب کوئی خود چل کر گھر آجائے تو بہت سی باتیں بھلا دی جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے پر کچھ دوست ممالک بھی رابطے میں ہیں، ہم نے انہیں اپنے مؤقف سے آگاہ کردیا ہے، جلد ہی سب کچھ واضح ہوجائے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles