اسلام آباد دھماکے کے ماسٹر مائنڈ افغان شہری، سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا: محسن نقوی


وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں خود کش حملے کا ماسٹر مائنڈ افغان شہری ہے جسے سیکیورٹی ایجنسیز نے گرفتار کرلیا ہے۔
اسلام آباد میں ہفتے کو پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ ترلائی حملے کے ماسٹر مائنڈ کا تعلق کالعدم داعش سے ہے، سی ٹی ڈی نے ماسٹر مائنڈ سمیت واقعے میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشاوراور نوشہرہ سے چار سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا ہے، چھاپے کے دوران ایک اے ایس آئی شہید ہوا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ اس وقت افغانستان میں 21 دہشت گرد تنظیمیں کام کررہی ہیں، کالعدم داعش نے بھی اس دھماکے کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی۔ یہ دہشت گرد پیسے لے کر کام کرتے ہیں اور انہیں بھارت سے فنڈنگ کی جارہی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہم اس وقت حالتِ جنگ میں ہیں اور ہمیں عوام کاتعاون درکارہے اسی سے دہشت گردی میں کمی آئےگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری سیکیورٹی ایجنسیز دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت جنگ ہارنے کے بعد یہ سب کچھ کر رہا ہے، ہمیں یہ معاملہ دنیا کے ہر فورم پر اٹھانا ہوگا۔ بھارت کا بجٹ ہم سے کتنا زیادہ ہی کیوں نہ ہو، ہم یہ جنگ بھی جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی دہشت گردی کوسپورٹ نہیں کیا، ہم سفارت کاری کے ذریعے بھی بھارت کو بھرپور جواب دیں گے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles