
انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نے انگلینڈ کو 100 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر چھٹی بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔
فائنل میں بھارت نے رنز کا پہاڑ کھڑا کیا اور پہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر411 رنز بنائے۔
جمعے کو ہرارے میں کھیلے گئے انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 9 وکٹوں پر 411 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کردیا۔
نوجوان بیٹسمین ویبھاو سوریانوشی نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 15 چوکوں اور 15 چھکوں کی مدد سے 80 گیندوں پر 175 رنز بنا کر ٹیم کو بڑی پوزیشن دلائی جب کہ ایوش مہترے نے بھی 51 گیندوں پر 53 رنز کا مضبوط ساتھ دیا۔
آرون جارج 9، ویدانت تریویدی 32، ویہان ملہوترا 30، ابھی گیان کندو 40، آر ایس امبرش 18 رنز، کھیلان پٹیل 3، ہینیل پٹیل 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ اکانیشک چوہان 29 رنز اور دپیش دیویندرن بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمز منٹو نے 3, ایلکس گرین اور سیبسٹیان مورگن نے 2، 2، مینی لمسڈین نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت کے 412 رنز کے جواب میں انگلش ٹیم نے اچھا آغاز کیا جس میں اوپنر بین ڈاکنز نے نصف سنچری بنائی۔ تھامس ریو اور بین مائس نے بھی تیز شاٹس کھیل کر ٹیم کو مستحکم موقع فراہم کیا لیکن میچ کے درمیانے اوورز میں وکٹیں گرنے سے انگلینڈ 177 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ تک محدود ہوگیا۔
بعد ازاں کیلیب فالکونر نے 67 گیندوں پر 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلی مگر وہ بھارت کی طرف سے بنائے گئے 411 رنز کے ہدف کے خلاف کافی ثابت نہ ہو سکی۔
اس طرح انگلینڈ کی ٹیم 41 ویں اوور میں 311 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اسے 100 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس فتح کے ساتھ بھارت نے انڈر 19 ورلڈ کپ بھی جیت لیا، یہ بھارت کا ریکارڈ چھٹا آئی سی سی انڈر‑19 ورلڈ کپ ٹائٹل ہے جس سے انڈر 19 کرکٹ میں بھی اس کی بالادستی مزید مضبوط ہوگئی ہے۔
یہ کامیابی خاص طور پر مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں بھارت کی فتح کے بعد معنی خیز ہے، وہ معرکہ بھارت نے جنوبی افریقا کو فائنل میں شکست دے کر جیتا تھا، معاملہ صرف یہیں تک نہیں بلکہ آئی سی سی ویمنز(50 اوورز) ورلڈ کپ 2025 کا ٹائٹل بھی بھارت کے ہی پاس ہے، بھارتی خواتین نے فائنل میں جنوبی افریقہ کو 52 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ورلڈ کپ جیتا تھا۔