
برطانیہ اور ایران نے اسلام آباد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جاں بحق اور زخمی افراد سے ہمدردی اور پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ترلائی میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نمازِ جمعہ میں ہونے والے خوفناک حملے پر شدید غم و غصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد حملے سے دل ٹوٹ گیا ہے اور ان کی دعائیں جاں بحق اور زخمی افراد کے ساتھ ہیں۔
جین میریٹ نے دہشت گردی کے واقعے کو قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے بھی ترلائی میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایران دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ اس حملے میں درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں، ایران حکومتِ پاکستان اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں نمازِ جمعہ کے دوران مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں 31 افراد جاں بحق اور 169 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ترلائی میں نماز جمعہ کے دوران خودکش حملہ آور نے مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے وہاں موجود افراد نے روکا جس پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔