امریکا کی ایران میں موجود اپنے شہریوں کو فوری ملک چھوڑنے کی ہدایت

ایران میں امریکا کی ورچوئل ایمبیسی نے سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں ایران میں موجود امریکی شہریوں کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے انہیں جلد از جلد ملک چھوڑنے کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

امریکی ورچوئل ایمبیسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران میں مقیم امریکی شہری ایسے طریقے سے روانگی کی منصوبہ بندی کریں جس میں انہیں امریکی حکومت کی براہِ راست مدد یا سہارا درکار نہ ہو۔

بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ ایران سے روانگی کے خواہش مند مسافروں کو پروازوں کی منسوخی یا تاخیر کا سامنا ہوسکتا ہے، اس لیے مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ ایئر لائنز سے مسلسل رابطے میں رہیں اور تازہ ترین سفری معلومات حاصل کرتے رہیں۔

امریکی ورچوئل ایمبیسی کے مطابق جو امریکی شہری فوری طور پر ایران چھوڑنے سے قاصر ہیں، وہ اپنے موجودہ رہائشی مقام یا کسی محفوظ جگہ پر قیام کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ضروری اشیائے خور و نوش، صاف پانی، ادویات اور دیگر بنیادی سامان اپنے پاس محفوظ رکھیں۔

سیکیورٹی ایڈوائزری میں ایران کے مختلف شہروں میں ممکنہ مظاہروں کے پیش نظر امریکی شہریوں کو احتجاجی سرگرمیوں سے دور رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی شہری ہر وقت محتاط رہیں اور مقامی خبروں اور مجموعی حالات پر گہری نظر رکھیں۔

ورچوئل ایمبیسی نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ موبائل فونز کو ہمہ وقت چارج رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنے اہل خانہ اور قریبی افراد سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ بروقت معلومات کا تبادلہ ممکن ہو سکے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles