سونے کی گرتی قیمت اوپر آنے لگی، ایک دن میں ہزاروں روپے اضافہ

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے۔ جس کے بعد پاکستان میں بھی فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

پاکستان میں گزشتہ تین سونے کی قیمت میں کمی کے بعد منگل کے روز سونے کی قیمت میں ایک ہی دن میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مقامی مارکیٹ میں دس گرام سونا 11 ہزار 744 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 32 ہزار 151 روپے پر پہنچ گیا جبکہ فی تولہ سونا 13 ہزار 700 روپے اضافے کے بعد 5 لاکھ 4 ہزار 62 روپے کا ہو گیا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں تیزی آئی ہے جہاں فی اونس سونا 137 ڈالر اضافے سے 4 ہزار 813 ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

یہ اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچنے کے بعد سونے کی قیمت میں اچانک بڑی کمی دیکھنے میں آئی تھی اور قیمتیں صرف تین روز کے دوران فی تولہ سونا 82 ہزار 500 روپے سستا ہو گیا تھا۔

گزشتہ کچھ روز کے دوران چاندی اور پلاٹینم کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا تھا، تاہم امریکا میں سیاسی صورتحال میں بہتری کے اشاروں کے بعد سونا، چاندی اور پلاٹینم تینوں کی قیمتیں تیزی سے نیچے آئی تھیں۔

اس سے قبل مقامی مارکیٹ میں غیر معمولی اضافے کو گولڈ مارکیٹ کی تاریخ کا بڑا اضافہ قرار دیا تھا، کیونکہ صرف ایک ماہ کے دوران ایک سال کے برابر اضافہ ریکارڈ ہوا تھا۔ جہاں صرف ایک ماہ میں فی تولہ سونا ایک لاکھ 18 ہزار روپے مہنگا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں قیمت 4 لاکھ 54 ہزار روپے سے بڑھ کر 5 لاکھ 72 ہزار روپے تک جا پہنچی تھی۔

ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں جاری تنازعات، موجودہ اور ممکنہ نئے ٹیرف اور سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باعث سونا اب بھی سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جا رہا ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ دیگر اجناس کی طرح سونے کی قیمتیں جس رفتار سے بڑھتی ہیں، اسی تیزی سے گرنے کا خدشہ بھی موجود رہتا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles