
سندھ حکومت نے سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے، اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کابینہ کی سب کمیٹی کی تجویز کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی کی اہم شاہراہ ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے پر تحقیقات کے لیے سندھ حکومت جوڈیشل کمیشن قائم کرے گی۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کی جانب سے کمیشن کے قیام کا اعلان کچھ دیر میں متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کابینہ کی سب کمیٹی کی جانب سے دی گئی تجویز کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، جس کے بعد عدالتی کمیشن بنانے کی پیش رفت تیز کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ حکومت چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو خط لکھے گی، جس میں عدالتی تحقیقات کے لیے ججز کی نامزدگی کی درخواست کی جائے گی۔ کمیشن سانحہ گل پلازا سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے بعد تحقیقات کے دائرہ کار اور طریقہ کار کا اعلان بھی کیا جائے گا۔