مینیسوٹا: منیاپولیس میں آئس ایجنٹس کی فائرنگ سے شہری ہلاک

امریکی ریاست مینیسوٹا کے شہر منیاپولیس میں وفاقی امیگریشن ایجنسی آئس کے اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک شہری ہلاک ہو گیا۔ واقعے کے بعد گورنر نے وائٹ ہاؤس سے رابطے کی کوشش کی جبکہ عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی ریاست مینیسوٹا کے شہر منیاپولیس میں وفاقی امیگریشن ایجنسی آئس کے اہلکار ایک فائرنگ کے واقعے میں ملوث پائے گئے ہیں، جس میں ایک شہری ہلاک ہو گیا۔

عینی شاہدین اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق متعدد اہلکاروں نے شہری کو گھیر کر زمین پر گرایا، جس کے بعد ایک اہلکار نے اس پر فائرنگ کی۔ واقعہ دن دیہاڑے پیش آیا جس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر پھیل گئیں۔

مینیسوٹا کے گورنر ٹِم والز نے واقعے کے بعد وائٹ ہاؤس سے رابطے کی کوشش کی اور وفاقی امیگریشن کارروائیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات ریاست میں جاری آپریشنز پر سنگین سوالات کھڑے کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 7 جنوری کو بھی منیاپولیس میں آئس اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک خاتون ہلاک ہو گئی تھی، جس پر پہلے ہی شدید تنقید کی جا رہی تھی۔

تازہ فائرنگ کے واقعے کے بعد منیاپولیس میں عوام سڑکوں پر نکل آئے اور وفاقی ایجنٹس کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے امیگریشن آپریشنز بند کرنے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

مقامی حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور متاثرہ علاقے سے دور رہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles