
برطانوی دفتر خارجہ نے ایران اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور خطرات کے پیش نظر اپنے شہریوں کو خبردار کر دیا۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ نے 16 ممالک کے لیے سفری انتباہ جاری کرتے ہوئے سیاحوں پر زور دیا ہے کہ وہ چھٹیاں مناتے ہوئے اضافی احتیاط اختیار کریں۔
دفتر خارجہ کی ہدایت کے مطابق ایران میں ملک گیر مظاہرے، تہران میں پُرتشدد کریک ڈاؤن اور امریکہ کے ساتھ بڑھتے ہوئے تناﺅ کے باعث خطرات بڑھ گئے ہیں۔
ایران نے اپنی فضائی حدود تجارتی پروازوں کے لیے اچانک بند کر دیں، جس سے بین الاقوامی پروازیں اور سیاح مشکلات کا شکار ہیں۔
اگرچہ چند ایک مقامات پر پروازوں کو عارضی طور پر دوبارہ کھولا گیا ہے، برطانوی شہریوں کو دفتر خارجہ کی جانب سے اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
برطانوی مسافر اس انتباہ کے بعد بے چینی اور پریشانی کا شکار ہیں، اور چھٹیاں منانے کے لیے آنے والے لاکھوں سیاحوں پر اس کا اثر پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ نے زور دیا ہے کہ سیاح مشرق وسطیٰ اور قریبی ممالک کا سفر کرتے ہوئے اپنے محفوظ رہنے کے اقدامات پر خصوصی توجہ دیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہیں۔