
بھارت کے خلائی تحقیقاتی ادارے (اسرو) کا سال 2026 کا پہلا مشن ناکام ہو گیا ہے۔ اس مشن کے ذریعے 16 سیٹلائٹس کو مدار میں پہنچایا جانا تھا، جس میں بھارتی اور غیر ملکی سیٹلائٹس شامل تھیں۔ تاہم بھارت کا ’پی ایس ایل وی‘ راکٹ پرواز کے دوران ہی تکنیکی خرابی کا شکار ہوگیا۔
یہ مسلسل دوسری بار ہے کہ بھارت کا پولر سیٹلائٹ لانچ وہیکل (پی ایس ایل وی) مشن ناکام ہوا ہے، جسے اسرو کا ’ورک ہارس‘ کہا جاتا ہے کیونکہ اس نے اب تک بڑی تعداد میں کامیاب مشنز انجام دیے ہیں۔
یہ مشن نیو اسپیس انڈیا لمیٹڈ (این ایس آئی ایل) کا نواں کمرشل مشن تھا، جو اسرو کا تجارتی شعبہ ہے، جس میں بھارتی اور بین الاقوامی اسٹارٹ اپس کے ساتھ اشتراک شامل تھا۔
بھارتی خلائی ادارے کے مطابق راکٹ (پی ایس ایل وی سی-62) مشن کی لانچ کے تقریباً آدھے گھنٹے بعد ادارے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ مشن کو تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کی تفصیلی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔
اسرو کے چیئرمین وی نارائنن نے لانچ کی براہِ راست نشریات کے دوران بتایا کہ یہ مشن چار مراحل پر مشتمل تھا اور تیسرے مرحلے کے اختتام تک اس کی کارکردگی معمول کے مطابق رہی۔ تاہم تیسرے مرحلے کے آخر میں راکٹ میں خرابی پیدا ہوئی اور اس نے پرواز کا رخ تبدیل کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا کا تجزیہ کیا جارہا ہے، مزید تفصیلات جلد ہی جاری کی جائیں گی۔