
وینزویلا کے وزیرِ دفاع ولادیمیر پادرینو نے کراکس میں امریکی فوجی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ’بزدلانہ عمل‘ قرار دیا اور واضح کہا ہے کہ حکومت کسی صورت ہتھیار نہیں ڈالے گی اور نہ ہی واشنگٹن کے دباؤ میں آئے گی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرِ دفاع ولادیمیر پادرینو نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ امریکی کارروائی ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی توہین ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی فورسز نے کاراکاس کے گنجان آباد علاقوں میں ہیلی کاپٹروں سے راکٹ فائر کیے۔
وزیرِ دفاع نے کہا ’ہم مذاکرات نہیں کریں گے، ہم ہتھیار نہیں ڈالیں گے، ہم کامیاب ہوں گے۔‘
ان کے یہ بیان اس وقت سامنے آئے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وسیع پیمانے پر فوجی کارروائی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کا دعویٰ کیا۔