
نئے سال کی آمد پر ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی کے ڈاکٹرز نے انوکھا کارنامہ انجام دیتے ہوئے دو دن کے زندہ بچے کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا، لواحقین نے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری ہونے کے بعد بچے کے زندہ ہونے کی تصدیق کر دی۔
راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں پیدا ہونے والے نومولود کو ڈاکٹرز نے مردہ قرار دیتے ہوئے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کر دیا۔ والدین کے مطابق جب انہوں نے بچے کو وصول کیا تو انہوں نے دیکھا کہ بچہ آکسیجن ماسک کے ساتھ سانس لے رہا تھا۔ اس پر بچے کو دوبارہ طبی معائنے کے لیے لے جایا گیا جہاں اس کے زندہ ہونے کی تصدیق ہوئی اور اسے آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا۔
والدین کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے عجلت میں ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا، جس پر ڈاکٹر کی مہر اور دستخط بھی موجود ہیں۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں آکسیجن ماسک لگے بچے کو سانس لیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد معاملہ زیرِ بحث آ گیا۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو یہ جائزہ لے گی کہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ کس بنیاد پر جاری کیا گیا اور عملے سے کہاں غلطی ہوئی۔ کمیٹی کی رپورٹ آنے پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق بچے کا علاج جاری ہے اور اس کی حالت سے متعلق اہل خانہ کو مسلسل آگاہ رکھا جا رہا ہے۔ اسپتال حکام نے کہا کہ انکوائری مکمل ہونے کے بعد تمام تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔