نیویارک کے میئر ظہران ممدانی 3 قرآنِ پاک پر آج حلف اٹھائیں گے

نیویارک کے میئر ظہران ممدانی آج نئے سال کے پہلے روز (یکم جنوری) کو اپنے عہدے کا حلف اٹھانے جا رہے ہیں، تقریب کے دوران وہ قرآنِ پاک پر ہاتھ رکھ کر حلف اٹھانے والے شہر کے پہلے مسلمان میئر ہوں گے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ظہران ممدانی 3 مختلف قرآن پاک پر حلف اٹھائیں گے۔ یہ بات ان کی سینئر مشیر زارا رحیم نے بتائی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جمعرات کی صبح ہونے والی نجی حلف برداری کے لیے ممدانی اپنے دادا کا پڑھا جانے والا قرآن کا استعمال کریں گے جو سیاہ فام مصنف اور مؤرخ آرتورو شومبرگ کی ملکیت تھا، جسے نیویارک پبلک لائبریری نے انہیں فراہم کیا ہے۔

سٹی ہال میں ہونے والی عوامی حلف برداری کی تقریب کے دوران وہ اپنے دادا اور دادی کے پڑھنے جانے والے قرآنی نسخوں پر حلف اٹھائیں گے۔

نیویارک پبلک لائبریری میں مشرقِ وسطیٰ اور اسلامی مطالعات کی کیوریٹر ہبہ عابد نے زارا رحیم اور ممدانی کی اہلیہ راما دواجی کے ساتھ مل کر حلف برداری کے لیے قرآن کے انتخاب میں معاونت کی۔

ہبہ عابد کے مطابق یہ لمحہ ایمان، شناخت اور نیویارک کی تاریخ کے عناصر کو ایک ساتھ سمو دیتا ہے۔ شومبرگ کا قرآن پہلی بار عوامی نمائش کے لیے نیویارک پبلک لائبریری میں ایک خصوصی نمائش کے تحت پیش کیا جائے گا، جو حلف برداری کے بعد آئندہ ہفتے منگل سے شروع ہوگی۔

اگرچہ قانون کے مطابق منتخب عہدیداروں کے لیے حلف اٹھاتے وقت کسی مذہبی کتاب کا استعمال لازمی نہیں، تاہم ماضی میں بیشتر میئرز بائبل کا سہارا لے چکے ہیں۔

ظہران ممدانی جن کے لیے مذہب ان کی انتخابی مہم کی ایک نمایاں خصوصیت رہا، نے کہا کہ ان کے لیے یہ خاص طور پر اہم تھا کہ وہ ایک طرف خاندانی ملکیت میں موجود قرآن اور دوسری طرف نیویارک کی ایک نمایاں تاریخی شخصیت سے منسوب قرآن کو نمایاں کریں۔

ممدانی نیویارک کے پہلے مسلم میئر ہوں گے۔ ان کی عوامی حلف برداری میں سٹی ہال میں بڑی تقریب، برنی سینڈرز اور الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز کی شرکت، اور وسیع لائیو اسٹریم شامل ہے۔ انہوں نے عبوری اور افتتاحی تقریبات کے لیے 26 لاکھ ڈالر جمع کیے، جو اس صدی میں ایک ریکارڈ ہے۔ میئر بننے کے بعد وہ استوریا کے کرایہ کنٹرول اپارٹمنٹ سے گریسی مینشن منتقل ہوں گے، جبکہ کاروباری حلقے اب ان کے ساتھ کام کے امکانات پر غور کر رہے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles