آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جاپان میں سالِ نو کا آغاز، آتش بازی کا شاندار مظاہرہ

دنیا بھر میں سال 2025 اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے۔ نیوزی لینڈ، آسٹریلیا کے بعد جاپان، جنوبی اور شمالی کوریا میں بھی نیا سال شروع ہوچکا ہے جبکہ پاکستان سمیت کئی ممالک آج نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہیں۔

دنیا کے مختلف خطوں میں وقت کے فرق کے باعث سال 2026 کا آغاز الگ الگ اوقات میں ہوگا، جس کے باعث دنیا میں سب سے پہلے نئے سال کا استقبال کرنے والے ممالک ہمیشہ دلچسپی کا مرکز رہتے ہیں۔

دنیا میں سب سے پہلے سال 2026 کا آغاز بحرالکاہل میں واقع جزیرہ ملک ’کریباتی‘ سے ہوا۔ کریباتی کے مشرقی حصے میں واقع کیریٹی ماٹی یا کرسمس آئی لینڈ وہ مقام ہے جہاں نیا سال سب سے پہلے داخل ہوتا ہے۔

پاکستانی وقت کے مطابق یہاں دوپہر تین بجے سال 2026 شروع ہوا، جبکہ اُس وقت جزیرے پر رات کے بارہ بج رہے تھے۔ اسی وجہ سے کریباتی کو دنیا میں نئے سال کا پہلا میزبان کہا جاتا ہے۔

کریباتی کے بعد نیوزی لینڈ میں سال نو کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے ہوا اور آکلینڈ شہر میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

شام چھ بجے (پاکستانی وقت) کے مطابق آسٹریلیا کے مختلف شہروں، بشمول سڈنی میں سال 2026 کے استقبال کے لیے بڑے پیمانے پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

جاپان، جنوبی کوریا اور دیگر ایشیائی ممالک میں بھی نئے سال کے موقع پر روایتی رسومات اور تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

خصوصاً جاپان میں آتش بازی کے علاوہ نئے سال کا استقبال ایک منفرد روایت کے ساتھ کیا جاتا ہے جسے ’جویا نو کانے‘ کہتے ہیں۔ جس کے تحت نئے سال کے آغاز پر بُدھ مت کے مندروں میں لگی بڑی گھنٹیاں 108 بار بجائی جاتی ہیں۔

عام طور پر 107 بار گھنٹی پرانے سال کی آخری رات (31 دسمبر) کو بجائی جاتی ہے، جبکہ 108 ویں بار گھنٹی نئے سال کے آغاز (یکم جنوری) کے ٹھیک پہلے سیکنڈ پر بجائی جاتی ہے۔

یورپ اور مشرق وسطیٰ میں سالِ نو کا آغاز نسبتاً بعد میں ہوتا ہے، جبکہ امریکا میں سب سے آخر میں نئے سال کی آمد ہوتی ہے۔

امریکا کے شہر نیویارک میں سال نو کے جشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جہاں ٹائمز اسکوائر میں مشہور کرسٹل بال نصب کر دی گئی ہے اور اس کی آزمائش بھی کی جا چکی ہے۔

ہر سال کی طرح اس موقع پر لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے، جبکہ دنیا بھر میں کروڑوں لوگ اس منظر کو ٹیلی وژن اور آن لائن ذرائع سے دیکھتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق دنیا میں نئے سال کے آغاز کا یہ فرق عالمی ٹائم زون سسٹم کا نتیجہ ہے، جس کے تحت زمین کو مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

اسی نظام کے باعث کچھ ممالک میں نیا سال شروع ہو چکا ہوتا ہے جبکہ کچھ خطوں میں ابھی پرانا سال جاری ہوتا ہے۔ اس طرح دنیا ایک ہی دن میں مختلف اوقات پر نئے سال میں داخل ہوتی ہے اور ہر ملک اپنے انداز اور ثقافت کے مطابق اس کا استقبال کرتا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles