
پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سال 2025 میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کا وقار دنیا بھر میں بلند ہوا ہے۔
اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں سالانہ نیوز بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر کا حالیہ دورۂ پاکستان نہایت خوش آئند رہا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ یو اے ای صدر کے دورے کے دوران دوطرفہ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی، جبکہ یہ دورہ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان متعدد تجارتی اور سرمایہ کاری معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان معاہدوں میں توانائی، بینکنگ اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے شامل ہیں، جو دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو نئی جہت دیں گے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پاکستان کے خارجہ تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کا وقار دنیا بھر میں بلند ہوا ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق عالمی سطح پر پاکستان کو بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے، جو حکومت کی متوازن اور مؤثر خارجہ حکمت عملی کا ثبوت ہے۔
بھارت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ جنگ کے دوران پاکستان نے بھارت کے سات طیارے مار گرائے اور پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کو عبرتناک شکست دی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ بھارت یہ حقیقت تسلیم کرے کہ سندھ طاس معاہدہ ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے پر پاکستان پر جھوٹے الزامات لگائے، جبکہ بھارت کے حملے کے بعد پاکستان کو جواب دینے کا پورا حق حاصل تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افواج نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ دفاع کے لیے پاکستان نے اتنا ہی اقدام کیا جتنا ضروری تھا، تاہم اگر حالات کا تقاضا ہوتا تو جواب اس سے بھی سخت دیا جاتا۔
نائب وزیراعظم نے نور خان ایئربیس پر حملے کو بھارت کی ایک بڑی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بہترین حکمت عملی اپناتے ہوئے دشمن کو مؤثر اور بھرپور جواب دیا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اقتدار سنبھالا تو پاکستان نتہائی کا شکار تھا، پاکستان عالمی سطح پر تنہا نہیں ہے، چین، سعودی عرب اور یواے ای نے پاکستان کی معاونت کی ہے۔