افغان ڈپٹی سفیر کی دفترخارجہ طلبی، خوارج کے حملے میں 4 جوانوں کی شہادت پر پاکستان کا احتجاج


پاکستان نے افغان سرزمین سے خوارج کے حملے میں 4 جوانوں کی شہادت پر سخت ردعمل دیتے ہوئے افغان ڈپٹی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرلیا اور باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جمعے کو افغان ڈپٹی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور افغان سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے پر شدید احتجاج اور احتجاجی مراسلہ حوالے کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ خوارج نے شمالی وزیرستان میں ایک ملٹری کیمپ پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 4 جوان شہید ہوئے۔ پاکستان نے اس حملے کو اپنی خود مختاری اور سلامتی کے خلاف سنگین اقدام قرار دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ کے لیے دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے۔ اس موقع پر افغان طالبان حکومت کو دوٹوک پیغام دیا گیا کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان اس معاملے پر مزید پیش رفت کا جائزہ لے رہا ہے اور صورت حال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles