
ایشیا کپ 2025 کا 17واں ایڈیشن متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں 9 ستمبر سے شروع ہورہا ہے، ایونٹ کا افتتاحی میچ افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان ابوظہبی کے میدان کھیلا جائے گا جب کہ فائنل 28 سمتبر کو کھیلا جائے گا۔
ایشیا کپ کھیلنے والی ٹیموں میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان، متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ شامل ہیں، جبکہ اس بار نیپال کی ٹیم بھی پہلی مرتبہ ایشیا کپ کا حصہ بنے گی۔
1984 میں کھیلے گئے پہلے ایشیا کپ میں 3 ٹیموں (بھارت، پاکستان اور سری لنکا) نے حصہ لیا تھا جبکہ 2023 تک مجموعی طور پر کئی ایشیائی ممالک (بشمول بھارت، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، اور ہانگ کانگ) نے اس میں شرکت کی ہے، جس میں ٹیموں کی تعداد بڑھتی گئی ہے۔
تاریخ میں پہلی بار ایشیا کپ میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جنہیں چار چار کے دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں سپر 4 مرحلے میں کھیلیں گی، جس کے بعد فائنل میں ٹائٹل کے لیے بہترین 2 ٹیمیں ٹکرائیں گی۔
ایشیا کپ کے گروپ اے میں بھارت، پاکستان، متحدہ عرب امارات اور عمان جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، افغانستان، ہانگ کانگ اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔ گروپ اسٹیج کے بعد سپر فور راؤنڈ کھیلا جائے گا اور پھر فائنل دبئی میں ہوگا۔
ایشیا کپ 2025 کا ایڈیشن ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، جس بھارت اور سری لنکا میں منعقد ہوے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے پیش نظر ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں منعقد ہو رہا ہے۔
ایشیا کپ میں 3 پاک بھارت مقابلوں کا امکان، مگر کیسے؟
ایشیا کپ 2025 کے دوران متحدہ عرب امارات میں کرکٹ شائقین کو یہ موقع مل سکتا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کو ایک ہی ماہ میں 3 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل دیکھیں۔
ایشیا کپ وہ واحد پلیٹ فارم ہے جہاں سیاسی کشیدگی کے باعث دو طرفہ سیریز نہ ہونے کے باوجود پاکستان اور بھارت آمنے سامنے آتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان میچوں کی اہمیت کئی گنا بڑھ جاتی ہے اور ان پر دنیا بھر کی نظریں مرکوز ہوتی ہیں۔
اس بار کے ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیمیں ایک ہی گروپ میں شامل ہیں، جس کے باعث ابتدائی مرحلے میں کم از کم ایک میچ لازمی ہوگا۔ یہ میچ 14 ستمبر کو دبئی میں شیڈول ہے، جسے بھرے ہوئے اسٹیڈیم اور کروڑوں ناظرین دیکھنے کی توقع ہے۔
اگر دونوں ٹیمیں گروپ مرحلے سے آگے نکلتی ہیں تو سپر فور مرحلے میں دوبارہ آمنا سامنا ہوگا، جہاں راونڈ روبن فارمیٹ کے تحت 4 سرفہرست ٹیمیں کھیلیں گی اور فائنل میں جگہ بنانے کا فیصلہ ہوگا۔
اسی طرح اگر پاکستان اور بھارت دونوں اپنی بہترین کارکردگی برقرار رکھتے ہیں تو ایشیا کپ کا فائنل بھی دونوں روایتی حریفوں کے درمیان ہو سکتا ہے، جو سال کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا کرکٹ مقابلہ ثابت ہوگا۔
ایشیا کپ میں کون سی ٹیمیں مضبوط رہیں؟
بھارت اور پاکستان نے آخری بار فروری 2025 میں دبئی میں چیمپئنز ٹرافی میں 50 اوورز کے ایک میچ میں ایک دوسرے کا سامنا کیا تھا، جس میں بھارت نے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا۔
بھارت ایشیا کپ کا دفاعی چیمپئن بھی ہے اور سوریا کمار یادو کی قیادت میں پرانے حریفوں کے خلاف فیورٹ ہے کیوں کہ ٹی 20 انٹرنیشنل کے میچز میں اس کا پاکستان کے خلاف 03-10 کا ریکارڈ ہے۔
پاکستان اپنے اسٹار کھلاڑی بابراعظم اور محمد رضوان کے بغیر کھیلے گا، جنہیں خراب فارم کے باعث مختصر فارمیٹ سے باہر کردیا گیا ہے۔
پچھلا ایشیا کپ 2023 میں کھیلا گیا تھا، جو 50 اوورز کے فارمیٹ میں تھا، اور اس میں بھارت نے کولمبو میں فائنل میں میزبان سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا، بھارت ایک بار پھر اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے مضبوط فیورٹ ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل کے 5 فل ممبرز افغانستان، پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا نے خودکار طور پر کوالیفائی کیا ہے۔ ان کے ساتھ ہانگ کانگ، عمان اور یو اے ای شامل ہیں، جنہوں نے اے سی سی مینز پریمیئر کپ میں ٹاپ 3 میں جگہ بنا کر اپنی نشستیں حاصل کیں۔
ایشیا کپ کا آغاز کب ہوا؟
ایشیا میں کرکٹ کے فروغ کے لیے 1983 میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی بنیاد رکھی گئی، جس نے 1984 میں ایشیا کپ کا متحدہ عرب امارات میں انعقاد کیا، ایشیا کپ پہلی بار ون ڈے فارمیٹ کھیلا گیا۔
شارجہ سے شروع ہونے والے ایشیا کپ کے اب تک 16 ایڈیشن ہوچکے ہیں جن میں سب سے زیادہ 8 بار بھارت، 6 بار سری لنکا اور 2 بار پاکستان فاتح رہ چکا ہے۔
ایشیا کپ کا سب سے پہلا ایڈیشن 1984 میں ہوا، یہ ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات کے شارجہ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، اس ٹورنامنٹ میں 3 ٹیموں پاکستان، بھارت اور سری لنکا نے حصہ لیا، جہاں بھارت فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کر افتتاحی چیمپئن بنا تھا جب کہ پاکستان تیسرے نمبر پر رہا۔
ایشیا کپ کے سب سے زیادہ ٹائٹل کس نے جیتے؟
ایشیا کپ ٹائٹل جیتنے کی فہرست میں بھارت 8 ٹرافیوں کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ سری لنکا 6 مرتبہ ایشیا کپ کا تاج اپنے سر پر سجانے میں کامیاب رہا ہے جب کہ پاکستان صرف 2 مرتبہ ایشیا کپ جیتنے میں کامیاب ہوا۔
ایشیا کپ میں کون کتنی بار فائنل میں پہنچا
ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت 11، سری لنکا 13، پاکستان 5 اور بنگلہ دیش 3 مرتبہ فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، افغانستان اور نیپال ابھی تک فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ نیپال نے پہلی مرتبہ ایشیا کپ 2023 کے ایڈیشن میں حصہ لیا۔
ادھر ایشیا کپ چیمپیئن بننے میں بھارت سر فہرست ہے جس نے 11 مرتبہ فائنل تک رسائی حاصل کر کے 8 مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا جب کہ وہ صرف 3 مرتبہ ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہا، جسے ایشیا کپ 2023 کے فائنل کے لیے بھی موسٹ فیورٹ قرار دیا گیا تھا۔
سری لنکا کی ٹیم سب سے زیادہ ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیم ہے، سری لنکا اب تک 13 مرتبہ ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کر چکی ہے تاہم اس کے فائنل جیتنے کی شرح بھارت کی نسبت کم ہے۔
سری لنکا کی ٹیم نے 13 میں سے 6 مرتبہ فائنل جیت کر ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا، دوسری اہم بات یہ ہے کہ ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے 16 ایڈیشنز میں بھارت اور سری لنکا ایشیا کپ کے فائنل میں 9 مرتبہ آمنے سامنے آ چکے ہیں۔
بھارت نے کون کون سا ایشیا کپ اپنے نام کیا؟
ایشیا کپ میں اب تک کی سب سے کامیاب ٹیم بھارت ہے، جس نے 8 بار یہ ایونٹ اپنے نام کیا ہے، بھارت پہلی بار 1984 میں ایشیا کپ کی فاتح بنی، اس کے بعد ایشیا کپ کے تیسرے ایڈیشن 1988، چوتھے ایڈیشن 1990 اور پانچویں ویں ایڈیشن 1995 میں کامیاب ہوئی۔
2010 میں سری لنکا میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کی فاتح بھی بھارت رہی۔ 2016 میں ہونے والا ٹی 20 ایشیا کپ بھی بھارت کے نام رہا جبکہ ایشیا کپ کا 14واں ایڈیشن جو 2018 میں کھیلا گیا بھارت نے ساتویں بار اپنے نام کیا۔
اس کے بعد 2023 میں ایشیا کپ ایک بار پھر 50 اوور کے فارمیٹ میں کھیلا گیا۔ روہت شرما کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے سری لنکا کو شکست دی اور اسے صرف 50 رنز پر ڈھیر کر کے 8ویں بار ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
سری لنکا 6 بار ایشین چیمپئن رہی
ایشیا کپ کی دوسری سب سے کامیاب ٹیم سری لنکا ہے، جس نے 6 بار ایشیا کپ اپنے نام کیا ہے، ایشین کرکٹ کونسل کے تحت ہونے والے 1986 میں ایشیا کپ کے دوسرے ایڈیشن میں سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے کر پہلی بار ایونٹ میں کامیابی حاصل کی۔
دوسری بار 1997 میں، تیسری بار 2004 میں اور چوتھی بار 2008 میں ہونے والے ایشیا کپ میں سری لنکا نے کامیابی سمیٹی۔
2014 میں بنگلادیش میں ہونے والے ایشیا کپ میں سری لنکا نے پاکستان کو فائنل میں شکست دے کر فتح حاصل کی اور چھٹی بار پھر ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہونے والے 2022 میں ایشیا کپ کے 15ویں ایڈیشن کے دوران پاکستان کو شکست دے کر سری لنکا ایشیا کپ کا فاتح بن گیا۔
پاکستان صرف 2 بار ایشین چیمپئن بن سکا
پاکستان صرف 2 بار ایشیا کپ کا چیمپئن بن سکا ہے، اس سے قبل 2008 میں ایشیا کپ کا انعقاد مکمل طور پر پاکستان میں ہوا تھا جبکہ 2023 میں ہونے والے ایشیا کپ میں بھی پاکستان اور سری لنکا نے میزبانی کی۔
2000 میں ہونے والے ایشیا کپ کے ساتویں ایڈیشن کی چیمپئن پاکستان رہی اور اس کے بعد 2012 میں بنگلادیش میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں بھی پاکستان ہی ایشیا کپ کی فاتح رہی۔
بنگلادیش اب تک کوئی کپ نہیں جیت سکا
ایشیا کپ کے دوسرے ایڈیشن میں شامل ہونے والی ٹیم بنگلادیش ابھی تک ایک بار بھی ایشین چیمپئن نہیں بن سکی جبکہ 3 بار فائنل میں پہنچی تاہم فتح سے ہمکنار نہ ہو سکی۔ جس کی وجہ سے وہ ایشیا کپ کی تاریخ کی بدقسمت ٹیموں میں سے ایک ہے۔
بھارت اور پاکستان نے ایشیا کپ میں حصہ کیوں نہیں لیا
1986 میں سری لنکا میں ہونے والے ایشیا کپ میں انڈیا نے حصہ لینے سے انکار کر دیا تھا، ان دنوں بھارت اور سری لنکا کے درمیان کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے تعلقات میں تناؤ تھا۔
اس دوران بنگلہ دیش کو ایشیا کپ کا حصہ بننے کا موقع ملا، جس کے بعد سے وہ ایشیا کپ کا مستقل رکن ہے۔
91-1990 کے ایشیا کپ کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی تناؤ کشیدگی اختیار کر چکا تھا تاہم پاکستان نے ایشیا کپ کے لیے بھارت جانے سے انکار کیا اور ایشیا کپ کا حصہ نہیں بنا تھا۔
ایشیا کپ کی 38 سالہ تاریخ میں سری لنکا وہ واحد ٹیم ہے جو تمام ایونٹس کا حصہ رہی ہے۔
ایشیا کپ کب کب ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا
اب تک 2 بار ایشیا کپ ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلا جا چکا ہے، ایک بار 2016 میں اور دوسری بار 2022 میں کھیلا گیا تھا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ آئی سی سی نے ایک نیا رول متعارف کرایا ہے، جس کے تحت جس سال جس فارمیٹ کا ورلڈ کپ ہوگا اس سال ایشیا کپ بھی اسی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔
-
2016 کا ایشیا کپ ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلا گیا کیوں کہ اسی سال ٹی 20 ورلڈ کپ بھی بھارت میں شیڈول تھا۔
-
2018 کا ایشیا کپ ون ڈے فارمیٹ میں ہوا کیوں کہ اگلے سال 2019 میں ون ڈے ورلڈ کپ شیڈول تھا۔
-
2022 کا ایشیا کپ ٹی 20 میں کھیلا گیا تاکہ ٹیمیں ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے تیار ہو سکیں۔
-
2023 کا ایشیا کپ دوبارہ ون ڈے فارمیٹ میں ہوا کیوں کہ اسی برس بھارت میں ون ڈے ورلڈ کپ ہونا تھا۔
واضح رہے کورونا وبا کے دوران 4 سال تک ایشیا کپ نہیں ہو سکا تھا، تاہم ابھی معمول کے مطابق ہو رہا ہے۔