
اسلام آباد میں شدید بارش کے باعث ندی نالے بپھر گئے ہیں اور کئی مقامات پر سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ پانی کے بھراؤ کے باعث متعدد گاڑیاں سڑکوں پر بند ہو گئیں، جبکہ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث شہری زندگی متاثر ہو رہی ہے۔
اسلام آباد کے سیکٹر جی الیون سگنل کے مقام پر شدید بارش کے بعد سڑک زیر آب آ گئی، جہاں ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں۔ کئی دیگر علاقوں میں بھی پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا ہے۔
راولپنڈی میں بھی تیز بارش کے باعث نالہ لئی میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگر بارش کا سلسلہ اسی شدت سے جاری رہا تو نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
شہریوں کو الرٹ رہنے اور نالے کے اطراف احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہ سکتا ہے۔ مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش کا ریکارڈ بھی جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق شمس آباد اور کچہری میں تین ملی میٹر، نیو کٹاریاں میں دو ملی میٹر جبکہ گوالمنڈی میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح پانچ فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر دو فٹ ہے، جو تاحال معمول کے مطابق ہے۔
ریسکیو اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں۔