اسلام آباد کے پٹوار خانوں میں پرائیویٹ افراد کا غیرقانونی طور پر کام کرنے کا انکشاف


اسلام آباد کے پٹوار خانوں میں پرائیویٹ افراد کا غیرقانونی طور پر کام کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنراسلام آباد کو ریونیو ڈیپارٹمنٹ میں بھرتیوں کا عمل شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے شہری کو اپنی زمین کے لیے خسرہ گرد واری نمبر جاری کرنے کے کیس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ کونسل کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں پٹوار خانوں میں پرائیویٹ افراد کے کام کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔ ڈپٹی سیکرٹری وزارتِ داخلہ پیش ہوئے اور آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ڈپٹی کمشنرآفس کے ریونیوسیکشن میں بھرتیوں کے لیے رولز نوٹیفائی کردیے گئے ہیں۔
عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ اسسٹنٹ کمشنر انڈسٹریل ایریا کو پٹوارسرکلزمیں پرائیویٹ افراد کی تفتیش کے لیے افسر مقرر کیا گیا ہے۔

عدالت نے انکوائری افسر کو 11 اگست کو طلب کرتے ہوئے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر پیش ہوکر بتائیں کہ اب تک کیا اقدامات لیے گئے ہیں اور 4 ماہ گزرنے کے باوجود انکوائری تاحال مکمل کیوں نہ کی جاسکی؟
عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ریونیو ڈپارٹمنٹ میں بھرتیوں کا عمل شروع کرنے اور اس متعلق مجوزہ پلان عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 18 اگست تک ملتوی کردی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles