
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سول نافرمانی کی بات بھی کرتے ہیں اور مذاکرات کی بھی، پی ٹی آئی کو اپنے کیے کی معافی مانگنا پڑے گی۔
شیری رحمان نے کہا کہ آپ کا لیڈر کہتا ہے میں ہوں تو سب کچھ ہے، آپ یہ نہیں کہ سکتے کہ ہم ہیرو اور آپ زیرو ہیں، آپ نے 9 مئی کو جو کچھ کیا وہ آج تک کسی سیاسی پارٹی نے نہیں کیا ۔
انہوں نے کہا کہ کسی طور پر پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ہم نے ایسی آزادی نہیں مانگی جو پی ٹی آئی والے مانگتے ہیں، آزادی ذمہ داری سے آتی ہے، ہم جلاؤ گھیراؤ کو آزادی نہیں سمجھتے۔
پی پی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کو پتہ چل گیا کہ کس بھی ناجائز طریقے سے فیضیاب نہیں ہوسکتے، حکومت نے سنگجانی پر اجازت دی تو آپ نے چڑھائی کیوں کی ؟ خود کو بچانے سے پہلے ملک بچانےکی بات ہونا چاہیے۔
شیری رحمان نے کہا کہ صدر زرداری گرفتار ہوئے توانہوں نے ڈنڈے نہیں برسائے ، ہم آپ کے ساتھ ناانصافی کریں گے تو ہم بھی بھگتیں گے، میں نے متعدد بار کہا کہ اتنا ظلم کرو جتنا برداشت کرسکو۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے قربانیاں دی ہیں، ہم نے ڈنڈے کھائے ہیں ، چلائے نہیں، ہم نے 10روزہ مہنگائی مارچ کیا، لیکن ایک گملا تک نہیں ٹوٹا، آپ نے فریال تالپور اور مریم نواز کو کیسے اٹھایا تھا؟