
سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام کے قتل کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی، کمیٹی ڈی آئی جی ساؤتھ زون کی زیرنگرانی تحقیقات کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام قتل کیس کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی، کمیٹی ڈی آئی جی ساؤتھ زون کی زیر نگرانی کام کرے گی۔
کمیٹی میں سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور پولیس افسران شامل ہیں، کمیٹی کیس کی مؤثر پیروی اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائے گی۔
واضح رہے کہ یکم اگست کو کراچی میں سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام کے قتل کا مقدمہ درخشاں تھانے میں درج کر لیا گیا تھا جبکہ تحقیقات کے لیے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کیماڑی کی سربراہی میں 6 ركنی کمیٹی قائم کر دی گئی۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جنوبی سید اسد رضا کی جانب سے ملزم کو بیرون ملک فرار سے روکنے کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو بھی خط لکھ دیا گیا تھا۔
ڈی آئی جی جنوبی کی جانب سے ایف آئی اے کو لکھے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ ملزم عمران خان ولد نبی گل ملک سے فرار ہونے کی کوشش کرسکتا ہے، لہٰذا ملزم کا نام پروویژنل نیشنل آئیڈینٹفکیشن لسٹ (پی این آئی ایل) لسٹ میں شامل کیا جائے، خط کے ساتھ ملزم کے تصاویر اور کوائف بھی ایف آئی اے کے حوالے کی گئی ہیں۔