
دوسرے ٹی 20 میں بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 134 رنز کا ہدف دے دیا، میزبان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 133 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی 20 سیریز کا دوسرا مقابلہ شیرِ بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم ڈھاکا میں کھیلا جارہا ہے، میچ کا ٹاس پاکستان نے جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
بنگلہ دیش کی اننگز
بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 134 رنز کا ہدف دے دیا، 24 کے مجموعے پر 4 بیٹرز کے پویلین واپس لوٹ جانے کے بعد بنگلہ دیشی بیٹرز پاکستانی بولرز پر پلٹ کر وار کیا اور مقررہ 20 اوورز میں مجموعہ کو 133 رنز تک پہنچانے میں کامیاب رہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے جاکر علی 55 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے جبکہ مہدی حسن 33، پرویز حسین ایمان 13، رشاد حسین 8، کپتان لٹن داس 8، تنظیم حسین ثاقب 7، محمد نعیم 3، شریف الاسلام 1، شمیم حسین 1 اور توحید ہردوئے صفر پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب ڈیبیو کرنے والے احمد دانیال، عباس آفریدی اور سلمان مرزا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، فہیم اشرف اور محمد نواز ایک، ایک وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔
میچ کا ٹاس
اس سے قبل، پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستان کی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، اسپنر ابرار احمد کی جگہ احمد دانیال کو قومی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا۔
قبل ازیں، پاکستان اور بنگلادیش کے کھلاڑیوں نےگزشتہ روز ڈھاکہ میں ایئرفورس کے طیارے کے مقامی اسکول میں گر کر تباہ ہونے کے واقعے میں جاں بحق افراد سے اظہار یکجتی کی اور میچ کے آغاز سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
پاکستان ٹی20 ٹیم میں اوپنر بلے باز فخرزمان، صائم ایوب، محمد حارث اور کپتان سلمان آغا شامل ہیں، حسن نواز، محمد نواز ، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، احمد دانیال، سلمان مرزا اور عباس آفریدی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
بنگہ دیش کی پلیئنگ الیون
بنگلہ دیش کی ٹیم میں پرویز حسین ایمن، نعیم شیخ، لٹن داس (کپتان و وکٹ کیپر)، توہید ہرید وئے، شمیم حسین، جاکر علی، مہدی حسن، رشاد حسین، تنزیم حسن، شریف الاسلام اور مستفیض الرحمان شامل ہیں۔
خیال رہے کہ بنگلہ دیش نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک، صفر کی برتری حاصل کر لی تھی۔
پاکستان یہ میچ جیت کر سیریز برابر کرنا چاہتا ہے کیونکہ پہلے میچ میں اسے شکست ہوئی تھی جبکہ بنگلہ دیش کی کوشش ہے کہ ایک اور کامیابی حاصل کر کے مسلسل دوسری ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرے۔
ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان اور بنگلہ دیش اب تک 23 بار آمنے سامنے آ چکے ہیں، جن میں سے 19 میچ پاکستان نے جیتے ہیں اور 4 میں فتح بنگلہ دیش کے حصے میں آئی ہے۔