پی ٹی آئی پہلے 5 اگست احتجاج کی تیاری کرے پھر ہم اپنی تیاری کریں گے، محسن نقوی


وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 5 اگست کو احتجاج کے اعلان کے حوالے سے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پہلے اپنی تیاری کرلے پھر ہم اپنی تیاری کریں گے، پی ٹی آئی سے اس وقت بیک ڈور کوئی رابطہ نہیں ہو رہا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی صحافیوں سے غیر رسمی ملاقات ہوئی، اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
وزیر دخلہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پر میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، ایک ایس ایچ او کی مار کے بعد ہونے والی میری بات کا حصہ نہیں چلایا گیا، ایف سی چائنیز اور خیبر پختونخوا کو سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے، خیبرپختونخوا میں ایف سی کا کوٹا ختم کرنے کے بیانات میں کوئی صداقت نہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایف سی ایک لاوارث فورس تھی اس کی تنخواہیں دیگر فورسز کے برابر کیا، ایف سی کے اندر اینٹی رائٹس فورس کا قیام عمل میں لایا جائے گا، ایف سی میں کوئی نئی بھرتیاں نہیں کی جائیں گی، ایف سی کی بھرتیاں 36 قبائل میں پہلے جیسی ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران میں بھی غیرقانونی طور پر مقیم افغانیوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، 2 ہفتوں کے دوران ایران سے 3 لاکھ افغانیوں کو بے دخل کیا گیا، ہم افغانیوں کے خلاف نہیں ہیں، افغان ہمارے بھائی ہیں، ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں کے خلاف آپریشن کیا جائے گا، جن کے پاس دستاویزات اور ویزا موجود ہے وہ پاکستان میں رہ سکتے ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزید کہا کہ پی او آر کارڈ کی تاریخ میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا، 20 دنوں میں آن لائن فراڈ کے 9 بڑے گینگز گرفتار کیے، پکڑے جانے والے لوگوں کو یہاں قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایف ایٹ انٹرچینج سے متعلق بیان بازی میں کوئی صداقت نہیں، سڑک بیٹھنے کی ذمہ داری سی ڈی اے نہیں سوئی نادرن ہے، کارگردگی کے حوالے سے اللہ تعالی کو جواب دے ہوں، اب 45 دن کی بجائے منصوبے کو 30 دن میں مکمل کروں گا، اسلام آباد کو آئندہ 3 سے 4 سالوں میں اسموگ کا شدید خطرہ ہے، اسلام آباد کو اسموگ فری بنانے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، وفاق کو اسموگ سے بچانے کے لیے گاڑیوں کی ٹیسٹنگ کا عمل جاری ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایران اسرائیل معاملے کے حل پر دیے گئے اپنے بیان پر قائم ہوں، ایران اسرائیل معاملے پر وزیراعظم اور آرمی چیف نے اہم کردار ادا کیا جبکہ پی ٹی آئی سے اس وقت بیک ڈور کوئی رابطہ نہیں ہو رہا۔
صحافی نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی کے 5 اگست کے احتجاج کی کال پر آپ کی کیا تیاری ہے، جس پر وزیر داخلہ نے جواب دیا کہ پی ٹی آئی پہلے اپنی تیاری کر لے پھر ہم تیاری کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فنڈ میں تاخیرسے اسلام آباد کے تھانوں کا کام مکمل نہیں کیا، دسمبر تک اسلام اباد کے تمام 27 تھانوں کا کام مکمل کر لیا جائے گا، اسلام آباد میں غیر قانونی سوسائٹیز کی بھرمار ہے، اس وقت 133 غیر قانونی سوسائٹیز قائم ہیں، غیر قانونی سوسائٹیز کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے، غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے گا۔
وفاقی وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے مابین کوآرڈینیشن بڑھانے کا فیصلہ
دوسری جانب وفاقی وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے مابین کوآرڈینیشن بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نےسروس ڈیلیوری کی بہتری اور اچھے نتائج کےحصول کے لیے جامع پلان طلب کرلیا اور ذیلی اداروں کو 3 دن میں قواعد و ضوابط میں تبدیلی اور دیگر سفارشات دینے کی ہدایت کی ہے۔
محسن نقوی نے کہا‎ کہ ذیلی اداروں کے مابین کوآرڈینیشن کا فقدان ہے جسے ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنانا ہے جب کہ ہر ادارہ دوسرے اداروں کی معاونت کے طریقہ کار کے بارے میں ٹھوس پلان مرتب کرے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے استفادہ کرکے ہی اداروں کی استعدادکار بڑھائی جا سکتی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles