ٹانگوں پر سوجن اور ہاتھوں پر خراشیں، امریکی صدر ٹرمپ کس بیماری میں مبتلا ہوگئے؟

وائٹ ہائوس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھ پرخراشیں اور سوجی ہوئی ٹانگوں کی تصاویر سے ان کی صحت بارے جنم لینے والی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر کی صحت بہترین ہے۔

وائٹ ہائوس کے ترجمان کیرولین لیویٹ نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹانگوں پر سوجن اور ہاتھوں پر نیل پڑنے کے بعد کی جانے والی طبی جانچ کے دوران انہیں ’کرونک وینس انسفیشنسی‘ کی تشخیص ہوئی ہے تاہم ان کی صحت تسلی بخش ہے۔

ان کے مطابق صدر کو کئی ہفتوں سے ٹانگوں میں معمولی تکلیف محسوس ہو رہی تھی جس کے بعد اُن کا معائنہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے معالج ڈاکٹر شان باربابیلا نے ایک جاری کردہ خط میں بتایا کہ ٹرمپ کو ڈیپ وین تھرومبوسس یا شریانی بیماری کی کوئی علامات نہیں ہیں اوران کے تمام لیبارٹری نتائج نارمل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ”ایکوکارڈیوگرام“ سے دل کی ساخت اور کارکردگی نارمل پائی گئی۔

کرونک وینس انسفیشنسی کیا ہے؟

ماہرین کے مطابق یہ ایک ایسی بیماری ہے جس میں ٹانگوں کی رگوں میں خون کی واپسی کا نظام متاثر ہوتا ہے۔ جب رگوں کے اندر موجود والوز خراب ہو جاتے ہیں تو خون نیچے کی جانب واپس بہنے لگتا ہے، جسے وینس ریفلوکس کہا جاتا ہے۔ اس کی وجہ سے خون ٹانگوں میں جمع ہونے لگتا ہے، جس سے سوجن، بھاری پن، تھکن اور بعض اوقات ویرکوز وینز ظاہر ہو سکتی ہیں۔

یہ بیماری عام طور پر 50 سال سے زائد عمر کے افراد میں پائی جاتی ہے اور وقت کے ساتھ شدت اختیار کر سکتی ہے۔ اس کے دیگر علامات میں جلد پر خارش، جلن، درد، اور بعض اوقات السر شامل ہیں۔
ٹرمپ کی حالت کتنی سنجیدہ ہے؟

ڈاکٹر باربابیلا نے صدر ٹرمپ کی عمر (79 سال) کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی حالت کو ”معمولی اور عام“ قرار دیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ صدر کو نہ تو خون کے خطرناک لوتھڑے بننے کی علامات ہیں اور نہ ہی پھیپھڑوں میں رکاوٹ کی کوئی شکایت ہے۔

امراض قلب کے امریکی ادارے سے منسلک ڈاکٹر جوشوا بیک مین کا کہنا ہے ”یہ بیماری معیارِ زندگی پر اثر ڈال سکتی ہے لیکن بروقت تشخیص اور علاج سے اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔“

اس بیماری کا علاج کیسے ممکن ہے؟

اس مرض کے علاج میں عام طور پر کمپریشن تھراپی (دباؤ والی جرابیں) تجویز کی جاتی ہیں تاکہ خون کی روانی بہتر ہو اور سوجن کم ہو۔ اگر مرض شدید ہوجائے تو وزن میں کمی ورزش اور رگوں کی سرجری یا لیزر تھراپی بھی تجویز کی جا سکتی ہے۔

ترجمان وائٹ ہائوس نے بتایا کہ صدر کے ہاتھ پر جو چوٹ دیکھی گئی، وہ دراصل مسلسل ہاتھ ملانے اور اسپرین کے استعمال کے باعث ہلکی سوجن ہے جو کہ دل کے امراض سے بچاؤ کے لیے معمول کی دوا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles