خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس کچھ دیر میں ہوگا، جس کی صدارت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کریں گے۔ اجلاس کے لیے 33 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ مختلف محکموں کے لیے نئی گاڑیاں خریدنے کے معاملات ایجنڈے میں شامل ہیں، جبکہ ڈیجیٹل میڈیا کے لیے آسامیوں کی منظوری دی جائے گی۔
خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس کا وقت آج صبح ساڑھے دس بجے مقرر کیا گیا تھا جو اب سے کچھ دیر بعد ہوگا۔ اجلاس وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی صدارت میں پشاور میں منعقد ہو گا، جس کے لیے 33 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں کابینہ ارکان کے علاوہ چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوں گے۔
ایجنڈے کے مطابق ڈیڈک چیئرمینوں، محکمہ خوراک اور دیگر محکموں کے لیے نئی گاڑیاں خریدنے کی منظوری کا معاملہ زیر غور آئے گا۔
اس کے علاوہ خصوصی تعلیم اور صحت سے متعلق این جی اوز کے لیے فنڈز کی منظوری، ڈیجیٹل میڈیا کے لیے آسامیوں کی منظوری، اور چائلڈ پروٹیکشن کمیشن کے پانچ ممبران کی تقرری بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔
کابینہ اجلاس میں خیبرپختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ کے نئے بورڈ آف گورنرز کی تعیناتی اور نتھیا گلی میں انٹیلی جنس بیورو ڈویژن آفس کے قیام کے لیے اراضی کی منتقلی پر بھی غور کیا جائے گا۔